نئی دہلی //این آئی اے کی خصوصی عدالت پٹیالہ ہاس ، نئی دہلی کے خصوصی جج نے4کشمیریوں کیخلاف فرد جرم عائد کی ہے۔جن افراد کی خلاف چارج شیٹ پیش کی گئی ہے ان میںمحمد شفیع شاہ ، عرف ڈاکٹر ، عرف دائود ،عرف نثار ولد مرحوم عبدالغنی شاہ ساکن وتہ محلہ پاپہ چھن بانڈی پورہ، طالب لالی عرف طالب حسین لالی عرف وسیم عرف ابو عمر ولد خان زمان ساکن ماری گل بازی پورہ اجس بانڈی پورہ، مظفر احمد ڈار عرف غزنوی عرف محمد علی ولد عبدالخالق ڈار ساکن چچلورہ ٹنگمرگ اور مشتاق احمد لون عرف مشتاق الاسلام ولدعبدالحمید لون ساکن کنیلون بجبہاڑہ شامل ہیں۔ان سبھی کیخلاف11/2011 کے تحت ایکٹ کی مختلف شقوں کے تحت الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ان چاروں کے خلاف دفعہ 120B کے تحت ہندوستانی تعزیراتی ضابطہ کی 121A کے تحت غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق ایکٹ 1967 کی دفعہ 17 ، 18 ، 39 اور 40 کے تحت مقدمہ درج کیا گیاتھا۔ان سبھی پر الزام ہے کہ وہ حزب کے اعلیٰ کمانڈروں سے فنڈز وصول کرکے جموں و کشمیر میں دہشت گردی کی سرگرمیوں کی حمایت کیلئے استعمال کرتے تھے۔تفتیش میں انکشاف ہوا تھا کہ سال 2004 سے 2011 کے دوران ، بھارت میں دہشت گردی کی کاروائیاں کرنے کے لئے پاکستان سے حزب نے 80 کروڑ سے زیادہ کی غیر قانونی فنڈنگ کی تھی۔