بانہال// بانہال کے اْکڑال مارکیٹ میں نقب زنوں نے اتوار کی رات کم از کم آٹھ دکانوں میں نقب لگا کر لاکھوں کی نقدی اور کچھ سامان اڑے لیا ہے ۔ ایس ڈی پی او بانہال آشیش کوہلی اور ایس ایچ او رامسو رؤف خان نے علاقے کا دورہ کیا اور چوروں کو فوری طور پر پکڑنے کیلئے کارروائی شروع کی ۔یہ علاقہ جموں سرینگر شاہراہ پر واقع مکرکوٹ سے اٹھ کلومیٹر کی دوری پر ہے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ حیرت کی بات ہے کہ لاک ڈاؤن کی رات میں چور تالے اور شیٹر ٹوڑ کر آرام سے چوری کی واردات انجام دے جاتے ہیں اور پولیس پوسٹ اْکڑال کو اس کی بھنک تک نہیں لگتی ہے۔ انہوں نے چوروں کو جلد از جلد دھر دبوچ کر چرائی گئی رقم برآمد کرنے کی پولیس سے اپیل کی ہے۔ اس دوران جموں و کشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی کے سینئر لیڈر سیوا سنگھ بالی نے کئی دکانوں میں ہوئی چوری کی اس واردات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پولیس انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد چوروں کو ڈھونڈ نکالیں اور چرائی گئی رقم متاثرین کو واپس کرائی جائے۔ انہوں نے اس واردات میں ملوث نامعلوم چوروں کو پکڑ کر سخت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چور نہیں پکڑے گئے ،تو وہ لوگوں کے ساتھ احتجاجی مظاہرہ کرنے پر مجبور ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ چور لاکھوں روپے کی نقدی لوٹ کر کے گئے ہیں جن میں سے ایک خدمت سینٹر سے ہی دو سے اڑھائی لاکھ روپے کی رقم چرائی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ایس ایچ او رامسو رؤف خان نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ رامسو پولیس تھانہ میں ایک کیس درج کیا گیا ہے اور پولیس نے اس چوری میں ملوث افراد کو ڈھونڈ نکالنے کا عمل شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چار پانچ دکانوں اور ایک خدمت سینٹر کے شیٹر کھول کر چور کچھ نقدی رقم ہی اڑا کر لے گے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس تمام وسائل بروئے کار لاکر چوری کی اس واردات کو جلد از جلد وقت میں حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔