سری نگر//پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد لون نے اتوار کو کہا کہ 5 اگست 2019 کو کچھ بھی شروع نہیں ہوا اور کچھ بھی ختم نہیں ہوا ، کیونکہ یہ ایک طویل کھیل ہے اور یہ جاری رہے گا۔سرینگر میں اپنی سرکاری رہائش گاہ پرچند لیڈروں اور کارکنوں کی پیپلز کانفرنس میں شمولیت سے متعلق تقریب پر نامہ نگارں کو سجاد لون نے کہا’’ یہ ایک طویل کھیل ہے اور یہ جاری رہے گا،تاہم ضروری یہ ہے کہ نئی دہلی اور جموں کشمیر کے درمیان رابطے بند نہ ہو اور مصروفیت جاری رہے‘‘۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کشمیر میں قیادت کے خلاف غصہ ہو سکتا ہے ، لیکن آج تک وہ بے اختیار ہیں اور وہ کچھ نہیں کر سکتے۔ ان کا کہنا تھا’’ ہمارا بھی کچھ کردار ہے اور ہمیں لوگوں اور نوجوان نسل کی حفاظت کرنی ہے جو کہ قائدانہ صلاحیت بھی ہے اور اس کے علاوہ ہمیں صبر کرنے کی ضرورت ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا’’ ہم اپنی پوری کوشش کریں گے، موجودہ انتظامیہ کے خلاف بھی غصہ ہے اور 5اگست کے فیصلے کے خلاف بھی غصہ ، جبکہ جو غصہ اُبھر رہا ہے ، وہ زیادہ خطرناک ہے ، اور ہم اس سے آگاہ ہیں۔ ‘‘کشمیری قیادت کی جانب سے وزیراعظم کی کل جماعتی میٹنگ اور اس کی پیروی کے بارے میں پوچھے جانے پر ، انہوں نے کہا کہ 5 اگست سے عوام اور قیادت میں مایوسی پھیلی ہوئی ہے اور انہیں دہلی میں وزیر اعظم مودی کے ساتھ کل جماعتی میٹنگ کے بارے میں کوئی ابہام نہیں تھا۔انہوں نے کہا’’وہاں جو کچھ ہوا وہ سماجی اور سیاسی بات چیت اور خیالات کا تبادلہ تھا،مجھے ذاتی طور پر اس ملاقات سے کسی چیز کی توقع نہیں تھی، ایسا نہیں تھا کہ ہم وہاں سے کچھ لاتے اور جہاں تک میرا تعلق ہے ، مجھے ایک خیال تھا کہ اس کا دائرہ کار محدود تھا ، لیکن مجھے امید ہے کہ مرکز اس پر عمل کرے گا۔‘‘انہوں نے یہ بھی کہا کہ وقت کی ضرورت یہ ہے کہ نئی دہلی اور جموں و کشمیر کے درمیان بات چیت میں تعطل نہ ہو ، جو کہ بہت اہم ہے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ، انہوں نے کہا کہ کسی کو وفاداری اور بے وفائی کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں دینا چاہئے ، اور کسی کو ہیرو بننے اور خدا کی طرح کام کرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے۔ انہوں نے میڈیا اور سیاستدانوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ’’کشمیر میں کوئی مقدس گائے نہیں ہے ، نہ اس طرف اور نہ اس طرف۔‘‘ سجاد لون کا کہنا تھا’’"جب لوگ 2001-02میں پیپلز کانفرنس چھوڑ رہے تھے ، تب کسی نے نہیں پوچھا کہ لوگ پارٹی کیوں چھوڑ رہے ہیں پھر لوگ کیوں پوچھ رہے ہیں جب لیڈر پیپلز کانفرنس میں شامل ہو رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ کچھ جماعتیں صرف پیپلز کانفرنس کی وجہ سے وجود میں آئیں ، پھر کسی نے سوال نہیں کیا ، کیوں؟ ۔انہوں نے کہا کہ 1983 میں توقع کی جا رہی تھی کہ پیپلز کانفرنس نیشنل کانفرنس کی جگہ لے لے گی ، لیکن انہوں نے دھاندلی کا سہارا لیا اور ہر کوئی 1987 کی دھاندلی کے بارے میں آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک نئی لہر کا آغاز کرنے کے لیے جو بھی کرنا پڑے گا، وہ کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انتخابات مارچ یا اپریل میں ہو سکتے ہیں اور یہی خیال انہیں ملا ہے لیکن کسی نے کوئی تاریخ نہیں دی۔سجاد لون کا کہنا تھا’’ایک سیاسی جماعت کے طور پر ہمیں انتخابات کے لیے تیار رہنا چاہیے کیونکہ انتخابات کسی بھی وقت ہو سکتے ہیں اور موجودہ حالات اور دہلی کی ذہنیت کو دیکھتے ہوئے وہ حیران کر سکتے ہیں ، کسی دن ہم صبح اٹھے گے اور انتخابی نوٹیفکیشن جاری ہو چکا ہوگا ، یہی ہو رہا ہے آج کل ، لیکن ہم انتخابات کے لیے تیار ہیں۔‘‘اس دوران کپوارہ کے ضلع ترقیاتی کونسل کے وائس چیئرمین فاروق احمد میر نے پیپلز کانفرنس میں شمولیت کا اعلان کیا۔