جموں//سماجی بہبود کے وزیر سجاد غنی لون نے آج قانون ساز کونسل میں یاسر ریشی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ 40 ہزار نئے اولڈ ایج اور دیگر پینشن معاملات کو منظوری دینے سے متعلق منصوبہ محکمہ خزانہ کے زیر غور ہے ۔ وزیر نے کہا کہ ماہانہ پینشن میں 200 روپے سے ایک ہزار روپے کا اضافہ التوا میں پڑنے والے زیادہ کیسوں کی تعداد بنیادی وجہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ریاست میں دو لاکھ سے زاید پینشن کیس التوا میں پڑے ہیں ۔ سیف الدین بٹ کی طرف سے پوچھے گئے ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ محکمہ نے میریج اسسٹنس کیسوں کے تحت مستحق خواتین کی تعداد کا پتہ لگانے کیلئے ایک سروے منعقد کیا ۔ وکرم رندھاوا کے ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ رہ گئی مستحق خواتین کو سکیم کے دائرے میں لانے کیلئے نیا سروے کرائیں ۔ وبود گپتا کی طرف سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت ریاست میں غریبی کی سطح سے نیچے گذر بسر کرنے والے لوگوں کیلئے ایک پیکج تیار کر رہی ہے ۔ ظفر اقبال منہاس اور غلام نبی مونگا نے اس موقعہ پر ضمنی سوال پوچھ کر کئی دیگر معاملات ابھارے ۔