۔312پنچایتوں میں کووڈ کئیر سنٹر قائم کرنے کا عمل مکمل | ضلع انتظامیہ نے سنٹروں میں تمام بنیادی سہولیات فراہم کیں

راجوری //سرحدی ضلع راجوری میں جموں وکشمیر انتظامیہ کے حکم نامے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے تمام 312پنچایتوں میں کووڈ کئیر سنٹر قائم کرنے کا عمل مکمل کرلیا ہے جبکہ ان سنٹروں میں انتظامیہ کی جانب سے سہولیات بھی دستیاب رکھی گئی ہیں ۔جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے فوراً بعد ضلع انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ سنٹروں کا قیام عمل میں لا کر ان میں افرادی قوت کی فراہمی کیساتھ ساتھ دیگر سہولیات بھی دستیاب کی گئی ہیں ۔ضلع انتظامیہ نے حکم نامے کے پہلے دن 70فیصد پنچایتوں میں سنٹر قائم کئے جبکہ دوسرے ہی دن سبھی پنچایتوں میں مذکورہ سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں ۔ان سنٹروں میں بنیادی مشینری ،پینے کا صاف پانی ،پرائمری ہیلتھ سنٹروں کیساتھ بھی مذکورہ سنٹروں کو منسلک کر دیا گیا ہے جبکہ ان سنٹروں میں تعینات ڈاکٹروں کے رابطہ نمبر ودیگر ضروریات بھی عام کر دی گئی ہیں ۔ضلع میں منتخب پی آر آئی ،آشاورکروں کے علاوہ آنگن واڑی ،اے این ایم ورکرز ،لوک مترہ اور رضا کار تنظیموں کی جانب سے بھی اہم رول ادا کیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر کیساتھ ساتھ ضلع انتظامیہ راجوری کے اقدامات کی تعریف کی ۔سب ڈویژن نوشہرہ کے دبڑ پوٹھ کی سرپنچ انیتا دیوی نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس قدم سے انتہائی خوش ہیں کیونکہ کئی ایک گھروں میں لوگوں کے پاس علیحدہ رہنے کیلئے جگہ ہی دستیاب نہیں تھی ۔