سرینگر // محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق بدھ بعد دوپہر سے تین دن تک موسلادھار بارشوں کے بعد موسم بہتر ہوگیا۔ محکمہ نے 28اور29مارچ کو پھر سے بارشوں اور برف باری کے ایک اور مرحلہ کی پیشگوئی کی ہے ۔محکمہ کا کہنا ہے کہ اس دوران بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشیں ہو سکتی ہیں ۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ سسٹم جو دکھا رہا ہے اس کے مطابق 28 مارچ تک موسمی صورتحال بہتر رہنے کی اُمید ہے ۔انہوں نے کہا کہ28اور29مارچ کو کچھ ایک علاقوں میں ہلکی بارشیں اور بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہو سکتی ہے اور پھر 2اپریل تک موسم خشک رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ آج سے اگلے تین روز تک موسم بہتر ہو جائے گا ۔انہوں نے مزید بتایا کہ گذشتہ24 گھنٹوں کے دوران سرینگر میں 30.9 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ قاضی گنڈ میں 47.2 ملی میٹر بارش ریکارڈکی گئی ۔انہوں نے مزید کہاکہ گلمرگ میں بھی 25.4 ملی میٹر بارش اور 15 سینٹی میٹر تازہ برف باری ہوئی ۔