سرینگر// جموں و کشمیر میں پچھلے کئی برسوں سے خالی پڑی 1300 سکولی عمارتوں کو پنچایت گھروں کے طور پر استعمال کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ اسکولوں کی عمارتیں پی ڈی پی بھاجپا حکومت کے دوران سکولوں کو ایک دوسرے میں ضم کرنے کے بعد خالی ہوگئی ہیں اور دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے خستہ ہورہی ہیں۔ حکومت کی ہدایات پر ، محکمہ سکول ایجوکیشن نے حال ہی میں کشمیر اور جموں ڈویژنوں میں ایسی عمارتوں کے بارے میں چیف ایجوکیشن افسران سے ڈیٹا اکٹھا کیا تھا۔ چیف سکریٹری ارون کمار مہتا نے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (جی اے ڈی) اور پلاننگ ڈیو لپمنٹ اینڈ مانیٹرنگ ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان عمارتوں کی الاٹمنٹ کیلئے متعلقہ ڈپٹی کمشنروںکے ساتھ رابطہ کریں۔چیف سیکریٹری نے ہدایت کی کہ محکمہ سکول ایجوکیشن 1300 خالی اسکولی عمارتوں کی فہرست تیار کریں جو پنچایت کے لئے استعمال کی جاسکتی ہیں۔ پنچایت گھروں ، ضلعی ترقیاتی کونسلوں اور کے دفاتر کے ساتھ ساتھ میڈیکل ڈسپنسریوں اور دیگر محکموں کو بھی جگہ دی جاسکتی ہے ۔