منجاکوٹ // منجاکوٹ کی پنچایت لوہر سرولہ کی وارڈ نمبر 1 کے سردار محلہ میں لوگ پانی کی بوند بوند کے لئے ترس گئے ہیں تاہم ان کی فریاد کوئی بھی سننے کو تیار نہیں۔ لوگوں کو پانی کی شدید قلت کاسامناہے لیکن محکمہ کو ٹس سے مس نہیں ہو رہا ۔مقامی لوگوں نے کہا کہ سردار محلہ میں دس سے زائد گھر پانی کے ایک ہی کنکشن پرگزاراکرتے ہیں اور دس گھروں کیلئے صرف دس بالٹیاں ہی پانی آتا ہے اوروہ بھی پانی درست طریقے سے فراہم نہیں ہو رہا جس کے نتیجہ میںلوگ گندہ پانی پینے پر مجبور ہیں۔لوگوں نے کہا کہ ان کی مشکلات کا ازالہ نہیں کیاجارہا۔انہوں نے کہا کہ صاف پانی لانے کیلئے انہیں کئی میل دور جاناپڑتاہے اور گھروں کی خواتین بھی دن بھر اسی کام پر مامور رہتی ہیں۔مقامی شہریوں محمد زمان، محمد اقبال،رقیہ خاتون، بلقیس اختر کاکہناہے کہ انہیں پانی بھرنے کیلئے یاتو انتظار کرناپڑتاہے یاپھر کئی میل دور جاناپڑتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ اگر ان کو پانی کی سپلائی فراہم نہ کی گئی تو وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیںگے ۔