عظمیٰ نیوز سروس
جموں//صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار نے یاتری سہولیت مرکز لکھن پور کا دورہ کیا اور جموں سے لکھن پور تک قومی شاہراہ کی صورتحال کا بھی معائینہ کیا۔ اُنہوں نے جموں کے راستے میں لکھن پور کے گیٹ وے آف جے کے یوٹی سے شری امرناتھ جی یاترا۔ 2024 ء کی آسانی سے منتقلی کے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔اُنہوںنے پروجیکٹ ڈائریکٹر این ایچ اے آئی اور ایس ایس پی ٹریفک دیہی کے ساتھ جموں، سانبہ اور کٹھوعہ میں قومی شاہراہ پر جاری کاموں کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسرا ن کو ہدایت دی کہ وہ این ایچ پر گاڑیوں کی بغیر کسی پریشانی آواجاہی کے لئے ہموار سڑک کی سطح کو یقینی بنائیں۔صوبائی کمشنر جموںنے متعلقہ ضلعی اَفسروں اور ایس ایس پی ٹریفک رورل کو ہدایت دی کہ وہ جام سے متاثرہ مقامات کی نشاندہی کریں اور ٹریفک کی روانی میں کسی قسم کی رُکاوٹ کو روکنے کے لئے متعلقہ اَضلاع میں اَفرادی قوت اور مشینری کو تعینات کریں۔ضلع ترقیاتی کمشنر کٹھوعہ نے لکھن پور میںصوبائی کمشنر جموں کو سڑک کے ذریعے لکھن پور میں داخل ہونے والے یاتریوں کے لئے قائم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں جانکاری دی۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ اِنتظامیہ نے یاتریوں کے والہانہ اِستقبال اور آرام دہ قیام کے لئے وسیع اِنتظامات کئے ہیں۔ آر ایف آئی ڈی مراکز کے علاوہ باتھ روموں، بیت الخلأ ، پینے کے پانی کے بوتھ بھی مناسب تعداد میں قائم کئے جا رہے ہیں۔ یاتریوں کے لئے چوبیس گھنٹے لنگر کی سہولیات کے اِنتظامات بھی کئے جارہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ یاتریوں کی آسانی سے رجسٹریشن کی سہولیت کے لئے لکھن پور میں12 آر ایف آئی ڈی کاؤنٹر قائم کئے جارہے ہیں۔ اُنہوں نے بتایا کہ لنگر اور لاجمیٹ مراکز کے علاوہ تمام اہم علاقوں میں سی سی ٹی وی نگرانی کی گئی ہے تاکہ یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔صوبائی کمشنرنے لوگوں بالخصوص تجارتی اداروں کے مالکان سے اپیل کی کہ وہ خاص طور پر نیشنل ہائی وے پر مناسب نگرانی کے لئے سی سی ٹی وی نصب کریں۔اُنہوں نے ترنہ نالہ پر پُل کا بھی موقعہ پر جائزہ لیا جو تکمیل کے قریب ہے۔ اُنہوں نے سڑک رابطے کے منظر نامے کا تفصیلی جائزہ لیا جس میں نشاندہی کی گئی جگہوں پر سطح کی بہتری کے لئے ہدایات دی گئیں۔