نئی دلی //مرکزی سرکار نے اعلان کیا ہے کہ یکم اپریل سے 45سال سے زیادہ عمر کے تمام لوگوں کو کورونا مخالف ویکسین دیا جائے گا لیکن سرکار نے ساتھ ہی لوگوں سے ٹیکہ لگوانے کیلئے رجسٹریشن کرانے کی اپیل کی ہے۔ کابینہ میں لئے گئے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکرکر نے کہا کہ 45سال سے زیادہ عمر کے سبھی لوگ اب کورونا مخالف ویکسین لگا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے یہ بھی فیصلہ لیا ہے کہ ویکسین کا دوسرہ ڈوز اب 4سے 8ہفتوں کے درمیان بھی لیا جاسکتا ہے جبکہ پہلے ویکسین صرف 4سے 6ہفتوں کے درمیان لینے کی ہدایت تھی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے 4سے 6ہفتوں کے درمیان ویکسین کا دوسرا ڈوز دیا جاتا تھا لیکن سائنسدانوںنے اب دوسرا ڈوز 4سے 8ہفتوں کے درمیان لینے کی ہدایت دی ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی سرکار نے ٹیکہ کاری مہم پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا جو پہلے سے ہی تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا ’’ میٹنگ میں تبادلہ خیال ، ٹاسک فورس اور سائنسدانوں کے مشورے کے بعد یکم اپریل سے 45سال سے زیادہ عمر کے تمام لوگوں کو کورونا مخالف ویکسین دینے کا فیصلہ لیا ہے۔ جاوڈیکرکر نے کہا کہ ہم تمام لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ رجسٹریشن کراکے یکم اپریل سے ویکسین لیں کیونکہ یہی وباء سے بچنے کا آخری ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتک 4.85کروڑ ویکسین دئے گئے ہیںجن میں پچھلے 24گھنٹوں کے دوران دئے گئے 32لاکھ ویکسین بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا ’’ 45سال سے زیادہ عمر کے تمام لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ جتنی جلدی ہوسکے ویکسین لیں۔انہوں نے کہا کہ ویکسین کافی تعدادمیں موجود ہیں اور اسکی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اُمید ہے کہ ہر کوئی اس فیصلہ کا خیر مقدم کرے گا اور جلد سے جلد ویکسین لے گا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اُمید ہے کہ ٹیکہ کاری مہم میں تیزی آئے گی۔