جموں//جموںوکشمیر کی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر س کے ساتھ جائزہ میٹنگوں کو جاری رکھتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرمر مو نے باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے وائس چانسلرکیساتھ ویڈیو کانفرنس منعقد کر کے یونیورسٹی میں تدریسی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کے لئے کی جارہی تیاریوں کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری موجود تھے جبکہ وائس چانسلر بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی اور جامع کے رجسٹرار نے میٹنگ میں بذریعہ ویڈیو کانفرنس شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے جامع کی جانب سے اُٹھائے جارہے احتیاطی اقدامات اور بعد از لاک ڈاون تیاریوں سے متعلق مفصل رِپورٹ طلب کی۔ اُنہوں نے وائس چانسلر کو تدریسی سیشن اور بعد از لاک ڈاون اِمتحانات کے بلا رُکاوٹ انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے جامع منصوبہ بندی کرنے کے لئے کہا۔ اُنہوں نے کیمپس اور ہوسٹلوں کی مکمل صاف صفائی کی بھی ہدایت دی ۔اُنہوں نے وائس چانسلر کو طلبا ء کے لئے بہتر ای۔ لرننگ سہولیت بہم رکھنے کے لئے بنیادی ڈھانچے کو اَپ ڈیٹ کرنے کے لئے کہا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے جامع میں تدریسی سرگرمیوں کو دوبارہ جاری کرنے کے دوران تمام رہنما خطوط بشمول سماجی دوری قواعد و ضوابط اور دیگر انتظامی ہدایات پر من و عن عمل درآمد کرنے کی ہدایت دی ۔اُنہوں نے ریڈ زون علاقوں سے آرہے طالب علموں کا معقول ٹیسٹ اور طبی جانچ یقینی بنانے کے لئے کہا۔ وائس چانسلر نے جامع میں خالی پڑی تدریسی اورغیر تدریسی اسامیوں کی بھرتی سے متعلق تفصیلات بھی لیفٹیننٹ گورنرکو دی ۔ انہوں نے وی سی کو بھرتی عمل میں یوجی سی قواعدو ضوابط کے تحت سرعت لانے کی ہدایت دی ۔انہوں نے مرکزی حکومت کی ریزرویشن پالیسی پر بھی عمل درآمد یقینی بنانے کے لئے کہا۔