سید امجد شاہ
جموں//راہل گاندھی کی قیادت میں طے شدہ بھارت جوڑو یاترا کے پیش نظر جموں، سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع میں سیکورٹی انتظامات کو بڑھا دیا گیا ہے جو آج دوپہر لکھن پور سے جموں و کشمیر میں داخل ہونے والی ہے۔17 جنوری کوانٹیلی جنس اور سیکورٹی ایجنسیوں بشمول جموں و کشمیر پولیس، سی آر پی ایف، پنجاب پولیس اور ٹریفک پولیس نے جموں کے میدانی علاقوں کے اضلاع یعنی کٹھوعہ، سانبہ اور جموں میں بھارت جوڑو یاترا کے پیش نظر سیکورٹی کو یقینی بنانے اور ٹریفک کا رخ موڑنے کے لیے حفاظتی انتظامات کے حوالے سے ایک اہم بات چیت کی۔ جموں سے یاترا ادھم پور سے گزرے گی پھر رام بن ضلع سے کشمیر میں داخل ہوگی۔اسی مناسبت سے طے شدہ یاترا اور یوم جمہوریہ کی تقریبات کے پیش نظر جموں پٹھانکوٹ ہائی وے اور بین الاقوامی سرحد کے ساتھ سرحدی علاقوں میں بھی الرٹ جاری کیا گیا۔لکھن پور سے یاترا کے طے شدہ راستے پر جموں و کشمیر پولیس اور نیم فوجی دستوں کی اضافی تعیناتی کی گئی ہے اور ناکوں کو بھی مضبوط کیا گیا ہے۔راہول گاندھی لکھن پور میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرنے والے ہیں جہاں پنجاب، ہماچل پردیش اور جموں و کشمیر کے لوگوں کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کانگریس پارٹی، این سی، پی ڈی پی، ڈوگرہ سوابھیمان سنگٹھن پارٹی کے سیاستدانوں کے علاوہ جموں و کشمیر کسان مزدوروں کی شرکت متوقع ہے۔ اس کے علاوہ جموں شہر اور دیگر علاقوں میں پولیس نے تمام ناکے اور جموں شہر کی طرف جانے والی سڑکوں پر گاڑیوں کی چیکنگ بھی بڑھا دی ہے۔اس دوران ایم اے اسٹیڈیم جہاں یوم جمہوریہ کی تقریب منعقد کی جائے گی کو مکمل طور پر سیکورٹی ایجنسیوں نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔بدھ کے روز جموں میں سیکورٹی کو اچانک متحرک کیا گیا اور جگہ جگہ ناکے بٹھائے گئے جہاں ہر آنے جانے والے کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔یوم جمہوریہ کے پیش نظرجموں صوبے میں سیکورٹی کے مثالی انتظامات کئے گئے ہیں۔ذرائع نے بتایا سراغ رساں ایجنسیوں کی جانب سے اطلاع موصول ہونے کے بعد جموں شہر میں جگہ جگہ اضافی پیرا ملٹری فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ جیش کی جانب سے دھمکیاں موصول ہونے کے بعد جموں میں سیکورٹی الرٹ جاری کیا گیا۔جموں کے ایم اے سٹیڈیم کو بدھ کے روز سیکورٹی فورسز نے پوری طرح سے سیل کیا اور کسی کو بھی اندر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔جموں پٹھان کوٹ قومی شاہراہ پر فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ جموں شہر کو چاروں اطراف سے سیکورٹی حصار میں لے لیا گیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ جموں شہر میں حساس عمارتوں ، فوجی تنصیبات اور پولیس تھانوں کے اردگرد بھی پیرا ملٹری فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی۔امکانی حملوں کے پیش نظرصوبہ جموں میں تمام سیکورٹی ایجنسیاں ہائی الرٹ پر رہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ احتیاطی طورپر تلاشیوں کا سلسلہ جموں صوبے میں جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا ‘جموں پٹھان کوٹ قومی شاہراہ پر کئی ایک مقامات پر کئی ناکے بٹھائے گئے ہیں۔ ان ناکوں پر گاڑیوں کو روک کر ان کی تلاشی لی جاتی ہے۔