یوم آزادی2021 | سرینگر کو جاذب نظر بنانے کے وعدہ بند:جنید متو | گھنٹہ گھر پر نصب نئی لائٹوں کا افتتاح کیا

سرینگر// سرینگر میونسپل کارپوریشن کے میئر جنید متو نے کہا کہ جمہوریت میں سیاسی سوچ مختلف ہوسکتی ہے تاہم’’ ہماری قومی شناخت میں کوئی ابہام نہیں‘‘۔ لالچوک میں سرینگر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے منعقدہ تقریب کے دوران سرینگر میونسپل کارپوریشن کے میئر جنید متو نے گھنٹہ گھر میں نئی لایٹوں کو نصب کرنے کا افتتاح کیا۔اس موقع پر میونسپل کمشنر،کارپوریٹر، میونسپلٹی افسران اور انتظامیہ کے دیگر افسر بھی موجود تھے۔ تقریب پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے جنید متو نے کہا ’’آپ کی سیاسی سوچ مختلف ہوسکتی ہے،جس کاجمہوریت  میںحق ہے ،تاہم قومی شناخت میں کوئی بھی ابہام نہیں ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر میونسپل کارپوریشن ایک بلدیاتی ادارہ ہے اور لوگوں کے منتخب کارپوریٹر ہیں۔ادارہ سرینگر کو15اگست کے علاوہ دیگر ایام میں بھی خوبصورت اور جاذب نظر بنانے کیلئے وعدہ بند ہے۔ متو نے کہا کہ وہ سرینگر کو صاف ستھرا رکھنے کایقین دلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لالچوک کے علاوہ نہرو پارک،بڈشاہ چوک اور دیگر علا قوں کو15 اگست کے مو قع پر سجایا گیا۔ تقریب پر کشمیری موسیقی بھی پیش کی گئی اور جنید متو جھوم گئے اور کچھ وقفے کیلئے وہاں پر رقص بھی کیا۔ اس سے قبل سرینگر میونسپل کارپوریشن کے دفتر میں انہوں نے اتوار کی صبح ترنگا لہرایا اور سلامی لی۔ تقریب پر بینڈ کے علاوہ فورسز اور پولیس نے مارچ پاسٹ بھی کیاجبکہ چھوٹے بچوں نے اپنے کرتب پیش کئے۔ متو نے اس موقعہ پر پولیس کو کافی تعداد میں شجاعت کے تمغے حاصل کرنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔
 
 
 

ایس ایس پی بڈگام کی اہلکاروں کومبارکباد

سرینگر//یوم آزادی کے موقع پر ایس ایس پی بڈگام طاہر سلیم خان نے جوانوں کیلئے پولیس پوسٹ ہمہامہ اور تھانہ بڈگام میں جوانوں کے لیے دو میس بلاکوں کا افتتاح کیا۔انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے افسروں اور اہلکاروں کو یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد دی اور کہا کہ میس بلاکس کے قیام کا مقصد جوانوں کی حفظان صحت سے متعلق ضروریات کو پورا کرنا ہے۔انہوںنے کہا کہ ان کے جائزمطالبات اورشکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ایس ایچ او تھانہ بڈگام اور چوکی افسرہمہامہ چوکی نے یوم آزادی 2021 کے موقع پر جوانوں کے دیرینہ مطالبات کو پورا کرنے پر ایس ایس پی بڈگام کا شکریہ ادا کیا۔
 
 

قلمکار ساحل احمد لون ایوارڈ سے سرفراز

سرینگر//پلوامہ میں یوم آزادی کے موقع پرقلمکار ساحل احمد لون کو ’سول سروسز راہ نما ‘ نامی کتاب کے لیے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ساحل احمد کی یہ کتاب حال ہی میں منظر عام پر آئی اور عوامی حلقوں میں اس کی پذیرآئی ہورہی ہے۔یہ کتاب ان مضامین کا مجموعہ ہے جو اکثر اخبارات میں شائع ہوچکے ہیں ۔