صنعا //یمن کے شہر مارب میں حوثی ملیشیا کے بیلسٹک میزائل حملے میں پانچ سالہ بچی سمیت 17 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ صوبائی گورنر کے پریس سیکریٹری علی الغلیسی نے ایک بیان میں کہا کہ’بیلسٹک میزائل مارب شہر کے مضافاتی علاقے روضہ میں ایک پٹرول سٹیشن پر گرا ہے‘۔’حملے میں درجنوں افراد زحمی ہوئے ہیں جبکہ شہری املاک کو نقصان پہنچا ہے۔ حوثی ملیشیا کی طرف سے اس حملے کے حوالے سے ابھی تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے‘۔یمنی حکومت کی سرکاری نیوز ایجنسی صبا کے مطابق’ بیلسٹک میزائل حملے کے بعد حوثی ملیشیا نے بارود سے لدا ایک ڈرون بھی بھیجا، ڈرون حملے سے جائے وقوعہ سے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے والی دو ایمولیسنز تباہ ہو ئی ہیں‘۔جس وقت حملہ ہوا پٹرول اسٹیشن پر درجنوں گاڑیاں پٹرول لینے کے لیے قطار میں کھڑی تھیں۔ حملے سے گاڑیوں میں آگ لگ گئی اور شہری موقع پر جل کر ہلاک ہوگئے۔یاد رہے کہ سعودی عرب نے مارچ میں تجویز کیا تھا کہ یمن بھر میں جنگ بند ہوجائے تمام ہوائی اڈے، بندرگاہیں اور بری سرحدی چوکیاں کھول دی جائیں تاہم حوثی اس بات پر مصر رہے کہ سیاسی مذاکرات شروع کرنے سے قبل الحدید پر عائد پابندیاں اٹھالی جائیں اور صنعا ایئرپورٹ کو مکمل طور پر کھول دیا جائے۔