یادگارِ شہداء پر کام مکمل کل عوام کیلئے کھولاجائے گا

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر //لالچوک میں یادگارِ شہداء (بلیدان ستمب )پر کام مکمل کیا جا چکا ہے اور 15 اگست کو یہ عوام کیلئے کھولا جائے گا۔سرینگر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر ڈاکٹر اویس احمد نے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے لوگوں سے درخواست کی کہ وہ اس جگہ کا دورہ کریں اور عظیم ہیروز کو خراج تحسین پیش کریں۔پرتاب پارک سرینگر میں جاری کام کا معائنہ کرتے ہوئے کمشنر موصوف نے کہا کہ بلیدان ستمب مکمل ہو چکا ہے اور اس کو 15اگست کو عوام کیلئے کھولا جائے گا ۔ انہوں نے کہا ’’ ملک کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی یاد میں شہر کے وسط میں تعمیر بلیدان ستمب تیار ہے اور اسے 15 اگست کو عوام کیلئے کھولا جائے گا‘‘۔انہوںنے کہا ’’ہم نے 15 اگست تک بلیدان ستمب کو تیار رکھنے کا عہد کیا تھا۔ یہ اب تیار ہے اور لوگوں سے درخواست ہے کہ وہ اس جگہ کا دورہ کریں اور عظیم ہیروز کو خراج تحسین پیش کریں ‘‘۔کمشنر ایس ایم سی نے کہا کہ اس جگہ کا دورہ کرنے کے لئے کوئی داخلہ فیس نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا اکہ اس منصوبے کی کل لاگت 4.8 کروڑ روپئے تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 15 اگست کو تمام ضروری انتظامات منزل پر دستیاب ہوں گے۔