جموں //ریاستی پولیس نے سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلاکر منافرت پھیلانے کے الزام میں چند ٹیکسی ڈرائیوروں کے خلاف معاملہ درج کر لیا ہے ، جموں ریلوے سٹیشن پر ڈرائیوروں کے دو گروپوں میں ہوئی لڑائی کو امرناتھ یاتریوں پر ہوئے حملہ کا نام دیا گیا تھا۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ٹیکسی یونین ریلوے سٹیشن جموں اور پنجاب کے کچھ ڈرائیوروں کے مابین جھڑپ ہو گئی تھی۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ گزشتہ روز چند نامعلوم افراد جو ریلوے سٹیشن کی منگل مارکیٹ میں ٹریول ایجنسی چلاتے ہیں نے امرناتھ یاتریوں کیلئے پنجاب سے گاڑیاں منگوائی تھیں جس پر مقامی ڈرائیور برہم ہو گئے اور نوبت مار پیٹ تک پہنچ گئی اس دوران کچھ گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دئیے گئے ۔ غیر ریاستی ڈرائیوروں نے اس معاملہ کو سوشل میڈیا پر امرناتھ یاتریوں پر حملہ کا نام دے کر پوسٹ کرنا شروع کر دیا۔معاملہ کی تصدیق کرتے ہوئے ایس ایس پی جموں وویک گپتانے بتایا کہ اس سلسلہ میں پولیس نے ایک ایف آئی آر 173/2018 زیر دفعات 147/427/505رنبیر پینل کوڈ و 2/22 ٹورسٹ ایکٹ تریکوٹہ نگر پولیس تھانہ میں درج کی ہے تاہم اس سلسلہ میں سر دست کوئی بھی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے ۔