یواین آئی
جموں// بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل چتر پال کا کہنا ہے کہ بی ایس ایف یکم جولائی سے شروع ہونے والی شری امرناتھ جی یاترا کے ہموار اور پر امن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے پوری طرح سے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اس یاترا کے انعقاد کے لئے تمام تر تیاریاں کی ہیں۔موصوف ڈی جی پی بی ایس ایف نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز اکٹریو بارڈرآئوٹ پوسٹ پر منعقدہ نویں عالمی یوگا دن کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں سے بات کرنے کے دوران کیا۔اس یوگا تقریب میں سینکڑوں کی تعداد میں بی ایس ایف اہلکاروں نے شرکت کی۔ڈی جی پی نے کہا،’’ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے جوان صحت مند رہیں اور اپنی ڈیوٹی بخوبی انجام دیں ہم نے یوگا کو روز مرہ کے معمولات میں شامل کیا ہے جس سے ہمارے جوان ذہنی تنائو سے پاک رہتے ہیں‘‘۔
سالانہ شری امرناتھ جی یاتر کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا،’’یکم جولائی سے شروع ہونے والی امرناتھ یاترا ہمارا سب سے بڑا چیلنج ہے ہم نے اس کے انعقاد کے لئے تمام تر تیاریاں کی ہیں‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ یاترا کے ہموار اور پر امن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے ہمارے جوان پوری طرح سے تیار اور الرٹ ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔