جموں//سرحدی حفاظتی فورس (بی ایس ایف) نے ضلع کٹھوعہ کے ہیرا نگر سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر ایک سمگلر کو ہلاک کر کے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔آئی جی بی ایس ایف جموں این ایس جموال نے کہا کہ مہلوک سمگلر بظاہر پاکستانی شہری تھا جس کی شناخت کیلئے پاکستانی رینجرز سے رابطہ قائم کیا گیا ہے۔بی ایس ایف ترجمان نے بتایا کہ بین الاقوامی سرحد پر ہیرا نگر سیکٹر میں بدھ علی الصبح بی ایس ایف کے جوانوں نے ایک منشیات سمگلر کو دراندازی کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا۔انہوں نے بتایا کہ جوانوں نے اس کو پہلے وارننگ دی لیکن جب اس نے وارننگ کو نظر انداز کرتے ہوئے بھاگنے کی کوشش کی تو اس پر گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہو گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ اس کے بعد جوانوں نے آپریشن کے دوران سرحد کے نزدیک 27 کلو ہیروئن برآمد کی جس کی عالمی بازار میں قیمت قریب 135 کروڑ روپے ہے۔انہوں نے کہا’’مہلوک سمگلر کی شناخت کا عمل جاری ہے لیکن بظاہر وہ پاکستانی شہری ہے، پاکستانی رینجرز سے رابطہ قائم کیا گیا ہے وہ بھی اپنی سطح پر اس مہلوک سمگلر کی شناخت کر رہے ہیں‘‘۔