عظمیٰ نیوز سروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کو ایئر فورس اسٹیشن، ستواری میں ایئر شو اور ایئر بیداری مہم میں شرکت کی۔اس تقریب کا اہتمام ہندوستانی فضائیہ اور جموں و کشمیر حکومت نے مشترکہ طور پر جموں و کشمیر کے ہندوستانی یونین میں شمولیت کے 76 سال اور ائیر فورس اسٹیشن جموں کی ڈائمنڈ جوبلی جشن منانے کے لیے کیا تھا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اس موقعہ پر کہا”ہندوستانی فضائیہ طاقت، بہادری اور لگن کی ایک چمکتی ہوئی علامت ہے، میں ہندوستانی فضائیہ کے اہلکاروں کو ان کی شاندار بہادری اور قربانی کے جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں، ایئر واریئرز اور ان کے اہل خانہ کے لیے میرا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں‘‘۔۔زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہری ایئر واریر ڈرل ٹیم، آکاش گنگا ڈیئر ڈیول اسکائی ڈائیونگ ٹیم اور Mi-17 1V ہیلی کاپٹروں کے شاندار فضائی ڈسپلے کو دیکھنے کے لیے جمع ہوئے۔ہوائی جہازوں نے آسمانوں میںکرتب بازی کا مظاہرہ کیا، اور فضائی بہادروں نے اپنی پرواز اور تشکیل کی مہارت کا کمال کا مظاہرہ کیا۔عام لوگوں کو ہوا بازی کے خطرات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا اور وہ جموں میں اپنی نوعیت کے پہلے ایئر شو کے ذریعے ہوا بازی کی حفاظت میں کس طرح مدد کر سکتے ہیں۔بعد ازاں، لیفٹیننٹ گورنر نے اس موقع پر دفاعی عملے اور ایروبٹک اور اسکائی ڈائیونگ ٹیموں کے ارکان کو مبارکباد دی۔