نئی دہلی/یو این آئی// ہندوستان اور پاکستان نے سفارتی ذرائع سے ایک دوسرے کے قیدیوں اور زیر حراست ماہی گیروں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا۔ان فہرستوں کا تبادلہ دونوں ممالک کے مابین 2008 کے معاہدے کی دفعات کے تحت نئی دہلی اور اسلام آباد میں واقع سفارتی مشنوں کے ذریعے ہوا ہے ۔تازہ تبادلے کے تحت ہندوستان نے 271 پاکستانی قیدیوں اور 74 ماہی گیروں کی فہرست پاکستان کے حوالے کی ہے ، جبکہ پاکستان نے 51 ہندوستانی قیدیوں اور 558 ماہی گیروں کی فہرست سونپ دی ہے جن کے ہندوستانی شہری ہونے کی توقع ہے ۔ حکومت نے پاکستان پر زور دیا کہ وہ ہندوستانی قیدیوں، لاپتہ فوجیوں اور ماہی گیروں کواپنی کشتیوں سمیت رہا کرکے انہیں ہندوستان کے حوالے کرے ۔ حکومت نے ان میں سے ایک ہندوستانی شہری اور ماہی گیروں میں سے 295 افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ ان کی شہریت کی تصدیق ہوگئی ہے ۔