ہسپتالوں میں551 آکسیجن پلانٹ قائم کئے جائیں گے | وزیراعظم کیئر فنڈسے رقم مختص کی جائے گی

نئی دہلی// ملک کے اسپتالوں میں آکسیجن کی دستیابی بڑھانے کی کوششوں میں حکومت نے ملک بھر میں 551 پریشر سوئنگ ایبزورپشن (پی ایس اے) میڈیکل آکسیجن جنریشن پلانٹ لگانے کا اعلان کیا جس کے لئے پی ایم کیئر سے رقم مختص کی جائے گی۔سرکاری ذرائع کے مطابق ، وزیر اعظم نریندر مودی نے ہدایت دی ہے کہ ان پلانٹس کو جلد ازجلد بنایا اور چلایا جائے اور ان کے ذریعہ ملک کے ہر ضلع میں آکسیجن کی دستیابی کو مضبوط کیا جائے۔ یہ پلانٹ وزارت صحت و خاندانی بہبود کے توسط سے خریدے جائیں گے اور اس کے بعد مختلف ریاستوں میں ضلعی ہیڈ کوارٹر میں واقع شناخت شدہ سرکاری اسپتالوں میں لگائے جائیں گے۔
 
 
 

افکونے تیسرے پلانٹ کو منظوری دی

نئی دہلی// انڈین فارمس فرٹیلائزرز کو آپریٹیو (افکو) نے قوم کی خدمت کے تحت اسپتالوں کو مفت آکسیجن دستیاب کرانے کے لئے تیسراپلانٹ لگانے کو منظوری دی ہے۔افکو کے منیجنگ ڈائرکٹر یو ایس اوستھی نے اتوار کو ٹوئٹ کرکے کہا کہ میڈیکل گریڈ آکسیجن کی مانگ کو پورا کرنے کے لئے اترپردیش کے پھول پورمیں تیسرا آکسیجن پلانٹ لگانے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس سے پہلے دو آکسیجن پلانٹ لگانے کو منظوری دی گئی تھی۔اس پلانت کی پیداواری صلاحیت 130 کیوبک میٹر فی گھنٹہ ہوگی۔ اس میں 30 مئی تک پیداوار شروع ہوجانے کا امکان ہے۔ افکو نے اس کام کے لئے ایک خصوصی ٹیم کو  لگایا ہے۔افکو اترپردیش اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں مفت آکسیجن دستیاب کرائے گا۔
 
 

آکسیجن کی ڈھلائی کرنے والے جہازٹیکس سے مستثنیٰ

نئی دہلی// مرکزی حکومت نے ملک میں کورونا مریضوں کے لئے آکسیجن کی کمی کے پیش نظر تمام سرکردہ بندرگاہوں پر ان کی ڈھلائی کرنے والے تمام جہازوں کو ٹیکس  سے مستثنیٰ کردیا ہے۔جہاز رانی اور آبی گزرگاہ کے وزیر منسسکھ لال مانڈویہ نے اتوار کے روز ٹویٹ کیا کہ تمام بڑی بندرگاہوں پر آکسیجن اور اس سے متعلق سازو سامان کی نقل و حمل کو ڈیوٹی سے مستثنیٰ کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بندرگاہ انتظامیہ سے آکسیجن کی نقل و حمل اور اس سے وابستہ تمام سازو سامان کو ترجیح دینے کے لئے بھی کہا گیا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ کورونا مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد میں آکسیجن کی  زبردست قلت کے پیش نظر حکومت نے اس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات شروع کردیئے ہیں۔ وزارت جہازرانی نے بھی اسی صورتحال کے پیش نظر یہ فیصلہ لیا ہے۔یواین آئی