سرینگر// نوجوان سماجی کارکن انعام النبی نے ریاستی سرکار کی طرف سے این ایچ ایم ملازمین کے مطالبات کو نظر انداز کرنے کی مذمت کی ہے ۔پرتاپ پارک میں احتجاجی دھرنے پر بیٹھے نیشنل ہیلتھ مشن ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست میں شعبہ صحت میں عرصہ دراز سے کام کررہے این ایج ایم ملازمین محکمہ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور لہذا سرکار کو چاہئے کہ وہ ہڑتالی ملازمین کی جائز مانگوں کو جلد از جلد پورا کرے ۔انہوں نے کہا کہ ملازمین کی ہڑتال سے ہسپتالوں میں کام کاج متاثر ہوا ہے اور مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کیلئے ایک ڈاکٹر کسی فرشتے سے کم نہیں ہوتا ہے اور جب اسی ڈاکٹر کی مانگ کو سرکار پوری نہ کرے تو یہ معاشرے کیلئے صحت مند نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مستقل ملازمت کی مانگ جائز ہے جس کو فوری طور پرپورا کیاجاناچاہئے۔