مینڈھر//عید کے تہوار سے قبل ہرنی اوربالاکوٹ انتظامیہ نے جمعرات کو بازاروں کا معائنہ کیا۔ اس دوران ہرنی میں دکانداروں سے دو ہزار روپے جرمانہ وصول کیاگیا۔ انتظامیہ نے عید کے تہوار کے پیش نظر نائب تحصیلدار ہرنی آفتاب حسین شاہ کی قیادت میں بازار کا دورہ کیا۔اس دوران ان کے ہمراہ ٹی ایس او مینڈھر خالق چوہدری ،ایس ایچ او گورسائی و دیگر افسران بھی تھے۔اس دوران ٹیم نے بازار کامعائنہ کرتے ہوئے پچاس کلوگرام گلی سڑی سبزیاں اورپانچ کلو مٹھائی ضائع کی جبکہ ایک کلو پالیتھن بھی ضبط کئے گئے۔افسران نے دکانداروں کو ہدایت دی کہ وہ عید کے موقعہ پر صاف ستھرا سامان فروخت کریں اور ناجائز منافع خوری نہ کریں۔انہوں نے دکانداروں سے کہا کہ اگر کوئی بھی دکاندار ناجائز منافع خوری کرتے ہوئے پکڑا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔دریں اثنابالاکوٹ میں بھی انتظامیہ کی طرف سے عید سے قبل بازار کی چیکنگ کی گئی جس دوران سات ہزار سے زائد روپے بطور جرمانہ عائد کیاگیا۔ٹیم کی قیادت نائب تحصیلدار بالاکوٹ کررہے تھے۔