راجا ارشاد احمد
سرینگر//سرینگر کے مضافات نیو تھید ہارون میں آتشزدگی کی واردات میں دو منزلہ عمارت اور اس میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا مال اسباب راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔نیو تھید کے مقامی لوگوں کے مطابق منگل بعددوپہر 3 بجے کے قریب نیو تھید کے ملک باغ محلہ میں مظفر احمد بٹ ولد غلام احمد کے دومنزلہ رہائشی مکان سے آگ کے شعلے نمودار ہوئے۔ اس موقع پر مقامی لوگوں نے آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کرتے ہوئے محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کو اطلاع دی۔ محکمہ آگ بجھانے والی گاڑیوں اور عملہ کے ساتھ موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہوگیا، تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں دو منزلہ عمارت اور اس میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا مال اسباب راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوکر رہ گیا۔پھاک ڈیولپمنٹ فورم نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ آتشزدگی سے متاثرین کی بازآباکاری کے فوری اقدامات کئے جائیں ،تاکہ آنے والے سردیوں کے ایام میں ان کی رہائش کا انتظام ہوسکے ۔