فیاض بخاری
بارہمولہ// ضلع بارہمولہ کے رفیع آباد اور قاضی آباد علاقوں کو آپس میں جوڑنے والی اہم رینگ پت ڈوگری پورہ رابطہ سڑک گزشتہ کئی برسوں سے خستہ حالی کا شکار ہے، جس کے باعث روزانہ ہزاروں افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سڑک کی ناگفتہ بہ حالت نے نہ صرف آمد و رفت کو متاثر کیا ہے بلکہ مقامی آبادی میں متعلقہ محکموں کی کارکردگی پر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق یہ سڑک کئی دیہات کو آپس میں ملانے کے ساتھ ساتھ رفیع آباد اور قاضی آباد کے درمیان آمد و رفت کا ایک اہم ذریعہ ہے، مگر مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے اس کی حالت انتہائی خراب ہو چکی ہے۔ جگہ جگہ گہرے گڑھے، ٹوٹی ہوئی سڑک، اکھڑا ہوا تارکول اور نکاسی آب کے ناقص انتظام نے سفر کو نہایت دشوار بنا دیا ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران سڑک پر پانی جمع ہو جاتا ہے، جس سے گڑھے نظر نہیں آتے اور حادثات کا خطرہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔ گاڑیوں کو مسلسل نقصان پہنچ رہا ہے جبکہ ایمبولینس، اسکول بسوں اور دیگر ضروری گاڑیوں کی نقل و حرکت بھی متاثر ہو رہی ہے۔ طلبہ، سرکاری ملازمین، تاجر، کسان اور مریض روزانہ اس خستہ حال سڑک پر سفر کرنے پر مجبور ہیں۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ انہوں نے متعدد مرتبہ متعلقہ محکمہ تعمیرات عامہ (PWD)، ضلع انتظامیہ اور عوامی نمائندوں کی توجہ اس مسئلے کی جانب مبذول کرائی، لیکن اب تک کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ صرف وعدے کیے جاتے ہیں، جبکہ عملی طور پر سڑک کی مرمت یا ازسرِ نو تعمیر کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا جا رہا۔عوام نے اپنے منتخب نمائندوں پر بھی ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے الزام لگایا کہ بنیادی عوامی مسائل کے حل کے بجائے سیاسی سرگرمیوں اور ووٹ بینک کی سیاست کو ترجیح دی جا رہی ہے، جبکہ اس اہم سڑک کی مسلسل نظراندازی سے عام لوگ مشکلات کا شکار ہیں۔ مقامی لوگوں نے حکومتِ جموں و کشمیر، ضلع انتظامیہ بارہمولہ اور محکمہ تعمیرات عامہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی فوری بنیادوں پر مرمت اور اپ گریڈیشن کے لیے خصوصی فنڈز فراہم کیے جائیں۔