جموں//موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی وسط ایشیاء سے آنے والے مہاجر پرندے بھارت کے آبی پناہ گاہوں میں جمع ہونا شروع ہو گئے ہیں ۔ موسم سرما کے دوران بھارت کے مختلف مقامات پر 370 قسم کے مہاجر پرندے آتے ہیں جن میں 310 آبی پرندوں کے اقسام بھی شامل ہیں۔آر ایس پورہ میں قائم گھرانہ ویٹ لینڈ کنزرویشن ریزرو میں بھی ہر برس موسم سرما کے دوران بار ہیڈ گوز سینکڑوں کی تعداد میں آتے ہیں ۔ ان پرندوں کی آمد کے ساتھ ہی یہاں آنے والے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے جو اس خوبصورت پرندے کو دیکھنے کے لئے آتے ہیں۔گھرانہ میں مختلف قسم کے پرندوں کی آمد شروع ہوگئی ہے ۔محکمہ جنگلات کے پرنسپل چیف کنزرویٹر اور چیف وائلڈ لائف وارڈن نے گھرانہ کا دورہ کر کے ان مہاجر پرندوں کی آمد اور اس آبی پناہ گاہ میں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ریجنل وائلڈ لائف وارڈن نے اس موقعہ پر پی سی سی ایف کو گھرانہ آنے والے مہاجر پرندوں اور اُن کے لئے اس آبی پناہ گاہ کو موزون اور مناسب بنانے کے لئے کئے جارہے اقدامات کے بارے میںجانکاری دی۔وائلڈ لائف وارڈن جموں نے اس موقعہ پر بتایا کہ گھرانہ آنے والے مہاجر پرندوں کے تحفظ کے لئے ضروری سازو سامان دستیاب رکھا گیا ہے ۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ 408 کنال پر محیط اس آبی پناہ گاہ کی ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق حد بندی کی گئی ہے جب کہ نجی زمین حاصل کرنے کا عمل جاری ہے ۔محکمہ جنگلات اور وائلڈ لائف پروٹیکشن کے اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔