گپکار سونہ واررابطہ سڑک کھنڈرات میں تبدیل

سرینگر// شہر میںگپکار،سونہ وار لنک روڑ کی خستہ حالی سے مقامی لوگوں کو سخت پریشانیوں کو سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گپکار سے سونہ وار ہائر اسکینڈری تک جانے والی رابطہ سڑک کافی عرصہ سے خستہ ہوچکی ہے اور انتظامیہ کی نظرئوں سے اوجھل ہے۔ سڑک میں جگہ جگہ بڑے بڑے کھڈہیںجبکہ معمولی بارشوں کے نتیجے میں یہ سڑک جھیل کا رخ اختیار کرتی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ عرصہ دراز سے سڑک خستہ ہوچکی ہے اور ایسا نظر آرہا ہے کہ یہ سڑک عہد قدئم میں تعمیر کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اگر چہ یہ معاملہ کئی بار حکام کی نوٹس میں لایا گیا،مگر ابھی تک زمینی سطح پر اس سڑک کو ٹھیک نہیں کیا گیا۔ مقامی شہری ہلال احمد نے بتایا کہ چھوٹے بچوں کے علاوہ بزرگوں کیلئے اس سڑک پر سفر کرنا باعث نزاع بن چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس سڑک پر ہائر اسکینڈری اسکول کے علاوہ گرلز ہائی اسکول اور ایک نجی اسکول وڈ لینڈ بھی واقع ہے، اور طلاب کیلئے بھی یہ سڑک سوہان روح بن چکی ہے۔ مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اس سڑک کی مرمت کی جائے،تاکہ مقامی لوگوں کو راحت مل سکے۔ ڈرائیوروں کا بھی کہنا ہے کہ اس سڑک پر سفر کرنے کے دوران انہیں ایسا لگتا ہے کہ وہ گھوڑا گاڑی میں سفر کرتے ہیں،جبکہ سڑک کی خستہ حالت سے گاڑیوں کی کل پرزے تک خراب ہوچکے ہیں اور نجی و مسافر بردار گاڑیوں کو کافی نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔