گول//گول میں کئی سڑکوں پر تار کول ڈالنے کا کام شروع ہو گیا جس کا افتتاح ڈی ڈی سی چیئرپرسن ڈاکٹر شمشادہ شان نے کیا ۔ اس موقعہ پر ڈاکٹر شمشادہ شان نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ضلع رام بن میں اس طرح کئی سڑکوں پر تا رکول بچھانے کا کام شرو ع کیاگیا ہے جس میں قریباً پانچ سڑکیں گول میں ہیں جہاں ایک ہفتہ کے اندر اندر تارکول ڈالا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بہت ساری سڑکوں کی حالت ابتر تھی اور اس کی حالت کو بہتر بنانے کے لئے بھی اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں ۔ اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ گول سب ڈویژن میں بہت ساری سڑکوں میں زمینداروں کی اراضی آئی ہے جس میں زمینداروں کو کوئی معاوضہ نہیں دیا گیا ہے اور فائلیں دفاتر کی دھول چاٹ رہی تھیںجن کو وہاں سے نکال کر پراسیس میں رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کئی لوگوں کو ستر فیصد ، کئی کو بیس فیصد اور کئی کو دس فیصد اور کئی زمینداروں کو کچھ بھی معاوضہ نہیں ملا ہے اور اس سلسلے میں اعلیٰ حکام سے بھی بات کی ہے اور فائلیں بھیجی ہیں ۔ انہوں نے اس موقعہ پر گاگرہ روڈ پر افتتاح کے بعد پل پر تعمیری کام بند ہونے کے بعد لوگوں کی جانب س سخت ناراضگی پر کہاکہ عوام کو ناراض نہیں ہونا چاہئے کیونکہ اس پل پر پہلے ٹینڈر جو نکلے تھے وہ کم لاگت والے تھے کیونکہ جس وقت یہ ٹینڈر نکلے اس وقت یہاںپر کوئی بیس میٹر سپین کی جگہ تھی اور جب کام شرو ع کیاگیا تو وہاں پر تیس میٹر سپین نکلا جس پر ٹھیکیدار نے کام کرنا بند کر دیا ۔انہوںنے کہاکہ اس سلسلے میں دوبارہ ڈی پی آر دی ہے اور جلد دوبار ہ ٹینڈر ہوں گے اور اس کا جلد کام شروع ہو گا۔اس موقعہ پر ڈی ڈی سی ممبر گول چوہدر ی سخی محمد، بی ڈی سی چیر پرسن گول شکیلہ بیگم ،کے علاوہ دیگر لوگ بھی موجود تھے ۔