گول:اندھ ششل روڈ کی حالت ابتر | لوگ خوف کے سائے تلے سفر کرنے پر مجبور

زاہد بشیر

گول//گول صدر مقام کے ساتھ ملانی والی سڑکوں کی حالت نہایت ہی ابتر ہے جس وجہ سے لوگ ہر وقت سفر کرتے ہوئے خوف محسوس کر رہے ہیں ۔اندھ نیابت کو گول صدر مقام کے ساتھ ملانی والی واحد سڑک جو ششل ،داچھن سے آتی ہے کی حالت نہایت ہی ابتر ہے ۔ زیرو پوائنٹ داچھن سے اندھ ششل تک اس کی حالت بہت ہی زیادہ خراب ہے اور زیرو پوائنٹ سے آگے ایک ایسی جگہ آتی ہے جہاں پر ٹاٹا سومو گاڑی کو چلنا بھی دشوار ہے اور کسی بھی وقت اس مقام پر کوئی بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے ۔ مقامی شہری عبدالرشید ڈار نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ یہاں اس سڑک پر لوگ خوف کے سائے تلے سفر کر رہے ہیں اور ہر وقت انسانوںپر سفر کے دوران خوف طاری رہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعمیرات عامہ کے سپرد اس سڑک کی حالت کافی خراب ہے اور ششل سے داچھن زیرو پوائنٹ کے درمیان ایک جگہ ایسی آتی ہے جہاں سے سومو گاڑی کو چلنا بھی دشوار بن گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر تھوڑی سی بارش آئی تو یہ جگہ نکل بھی سکتی ہے اور علاقہ کا پورا رابطہ صدر مقام گول کے ساتھ مکمل طو رپر کٹ سکتا ہے ۔انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ خشک موسم کے دوران ہی اس کی مرمت کی جائے تا کہ آنے والی بارشوں میں لوگ سفر آنی سے کر سکیں ۔