جموں//سکھو ں کے دسویں گورو گوبند سنگھ جی کے 351ویں یوم پیدائش کے سلسلہ میں جموں خطہ میں متعدد مقامات پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا جن میں عقیدتمندوں نے مذہبی عقیدت اور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ شہر کے تمام گوردواروں میں بھی شبد کیرتن اور لنگر کا اہتمام کیا گیا تھا ۔شہر میں سب سے بڑا نگر کیرتن گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے زیر اہتمام نکالاگیا جو گمٹ سے شروع ہو کر نانک نگر میں اختتام کو پہنچا۔ منگل کی صبح ہی بھاری تعداد میں سنگت گوردوارہ سری گورو نانک دیو چاند نگر لوئر گمٹ میں جمع ہوئیں اور مختلف سکھ تنظیموں کے نمائندوں کی رہبری میں اس شوبھا یاترا کا اہتمام کیا گیا ۔اس موقعہ پر فضا ’واہے گورو کا خالصہ اور واہے گورو کی فتح‘ اور’ جو بولے سو نہال ست سری اکال ‘کے نعروں سے گونج رہے تھے، مردوں اور بچوں کے علاوہ بھاری تعداد میں خواتین بھی اس کیرتن میں شامل تھیں جب کہ کتگا پارٹیاں مختلف کرتب دکھا کر قوم کے مارشل آرٹس کا مظاہرہ کر رہی تھیں۔ کئی مقامات پر لنگر لگائے گئے تھے جہاں سکھوں کے علاوہ غیر سکھ بھی پرشاد لے رہے تھے۔ شوبھا یاترا میں مختلف اسکولوں نے ننھے منے بچوں نے بھی حصہ لیا اور مخصوص مذہبی پوشاکوں میں ملبوس ہو کر شوبھا یاترا کے آگے آگے چلتے رہے ۔ اس سے قبل گوردوارہ یادگار گورو نانک صاحب چاند نگرمیں ڈسٹرکٹ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے زیر اہتمام سب سے بڑی تقریب منعقد ہوئی جس میں سینکڑوں کی تعداد میں عقیدتمندوں نے شرکت کی۔ دربار صاحب امرتسر اور دہلی سے آئے ہوئے راگیوںنے شبد کیرتن کیا جب کہ سکھ فرقہ کے مبلغین نے گورو گوبند سنگھ کی حیات، خدمات اور تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے خالصہ پنتھ کے قیام کے اغراض و مقاصد کے بارے میں بتایا ۔مقررین نے بھی سنگتوں کو خطاب کرتے ہوئے طبقہ کوگورو گرنتھ صاحب اور سکھ رہت مریادہ پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔