ڈوڈہ//گورنمنٹ ہائی اسکول سوہانڈا شیوا کی عمارت کی بالائی طرف ایک چٹان اس طور آویزاں ہے کہ کسی بھی وقت وہ گر کر ایک بڑا حادثہ کا سبب بن سکتی ہے،مگر بار بار توجہ دلانے کے با وجود بھی متعلقہ حکام چٹان کو ہٹانے کی ضرورت محسوس نہیں کر رہے ہیں۔اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اسکول میں زیرِ تعلیم طلباء نے کہا کہ یوں تو ہر وقت چٹان کے گر آنے کا ڈر اُنہیں لگا رہتا ہے مگر بارشوںکے دوران تو اُن کی نظریں اُسی چٹان پر لگی رہتی ہیں کہ کہیں اسکول کی عمارت اس کی زد میں نہ آ جائے۔اُنہوں نے چٹان کو جلد از جلد ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔متعدد مقامی معززین کا کہنا تھا کہ متعدد بار متعلقہ حکام کی توجہ اس طرف کرائی گئی اور یہ اپیل کی گئی کہ اس چٹان کو توڑا جائے تاکہ اسکول کی مارت ر اس کے گر آنے کا خطرہ نہ رہے،مگر کسی نے بھی اُن کی بات پر آج تک توجہ نہ دی جس سے اُن کی لاپرواہی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اس سے قبل کہ کوئی نا خوشگوار حادثہ پیش آ جائے وہ متعلقہ حکام سے ایک بار پھر اپیل کرتے ہیں کہ اس چٹان کو فوری طور ہٹایا جائے تاکہ اسکول کی عمارت پر منڈلانے والا خطرہ دور ہو سکے اور طلباء و طالبات میں پایا جانے والا ڈر و خوف دور ہو سکے۔ مقامی لوگوں کہا یہ بھی کہنا ہے کہ اسکول کی عمارت کی تعمیر سے قبل اُنہوں نے اس چٹان کو ہٹانے کی طرف توجہ دلائی تھی مگرکسی نے توجہ نہ دی۔اُنہوں نے کہا کہ اگر خدا نخواستہ کوئی نا خوشگوار حادثہ پیش آیا تو اُس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر ہو گی۔