جموں// گورنر کے مشیر کے سکندن نے یہاں ایک میٹنگ کے دوران دیہی ترقی و پنچایتی راج محکمہ کی کارکردگی اور اس محکمہ کی وساطت سے عملائی جارہی سکیموں کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران ایم جی نریگا، سوچھ بھارت مشن گرامین ،واٹر شیڈ ڈیولپمنٹ پروگرام ، چودھویں فائنانس کمیشن ،سنسد آدرش گرام یوجنا،شاماپردساد مکھر جی اربن مشن ، حمایت پروگرام اور پردھان منتری آواس یوجنا گرامین کے سلسلے میں جاری پروجیکٹوں اور سکیموں کی عمل آوری کا تفصیل کے ساتھ جائزہ لیا گیا۔لائیو لی ہڈ مشن پروگرام کا جائزہ لینے کے دوران گورنر کے مشیرنے متعلقہ افسران کو لائیو لی ہڈ کلسٹروں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوںنے بلاک کی سطح پر مشترکہ تجارتی مراکز قائم کرنے پر زور دیا تاکہ سیلف ہیلپ گروپوں کو مارکیٹنگ کی سہولیات فراہم کرائی جاسکیں۔ مشیرموصوف نے دیہی علاقوں کے نوجوانوں کو متواتر بنیادوں پر سکل ڈیولپمنٹ تربیت فراہم کرنے کے لئے بھی کہا۔دیہی ترقی محکمہ کی کمشنر سیکرٹری شتل نندا نے میٹنگ میں محکمہ کی مجموعی کارکردگی اور حصولیابیوں کا پاور پرزنٹیشن کے ذریعے خاکہ پیش کیا۔انہوں نے کہاکہ محکمہ نے 18000 گرام پنچایت فرنٹ لائن ورکروں کو ایم جی نریگا کے تحت رجسٹر کرنے کے علاوہ 75فیصد آدھار سیڈنگ مکمل کی ہے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ نے اس کے علاوہ 97فیصد اثاثے پیدا کرنے کے علاوہ 83فیصد جیو ٹیکنگ کی تکمیل اور سال 2018-19 کے دوران اب تک 95فیصد جاب کارڈس کی جانچ کی ہے۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت 38772 کے ہدف کے مقابلے میں 47719 مستحقین کو رجسٹر کیا گیا ہے جبکہ 35594اثاثوں کی جیو ٹیکنگ کی گئی ہے ، 32434 مکانات کو منظوری دی گئی ہے اور 11221 کام مکمل کئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ مارچ 2019ء کے آخر تک 20,000کام مکمل کئے جانے کی توقع ہے۔مشیر موصوف نے محکمہ کے افسروں اور اہلکاروں کو لگن اور تن دہی کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہاکہ پنچوں اور سرپنچوں کو اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرنا چاہیئے ۔میٹنگ میں ڈائریکٹر جنرل آر ڈی ڈی جموں اوردیگر کئی افسران موجود تھے۔