راجوری //ریاستی گورنر این این ووہرا نے راجوری کا دورہ کرکے میجر جنرل سوچندرا جی او سی پچیس ڈیویژن سے حد متارکہ پر کئے گئے انتظامات کے بارے میں مفصل جانکاری حاصل کی ۔ اس دوران گورنر کو یہ بھی بتایاگیاکہ فو ج سرحدی علاقوں کے لوگوں کی مدد میں پیش پیش رہتی ہے اور اس کی جانب سے فلاحی امور بھی انجام دیئے جارہے ہیں ۔ انہیں اس بات سے آگاہ کیاکہ پاکستانی فوج کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہونے پر سرحدی مکینوں کو مشکلات کا سامناکرناپڑتاہے لیکن فوج ان کی ہر ممکن مدد کرتی ہے ۔دریں اثناء انہیں ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری اور دیگر افسران کی طرف سے لوگوں خاص طور پر سرحدی مکینوں کو درپیش مسائل کے بارے میں بتایاگیا۔گورنر کو اس بات سے بھی آگاہ کیاکہ حالات خراب ہونے پر ان کیلئے کس طرح کے اقدامات کئے جاتے ہیں ۔ڈپٹی کمشنر نے انہیں بتایاکہ لوگوں کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدام کیاجاتاہے ۔گورنر نے کرشی وگیان کیندرا راجوری کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اروند کمار ایشر سے بھی ملاقات کرکے ان سے ضلع میں انجام دی جارہی سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔