جموں//گورنر این این ووہرا نے سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعیدکو اُن کی دوسری برسی پر خراج عقیدت ادا کیا ہے۔اپنے ایک پیغام میں گورنر نے مفتی محمد سعید کو ایک دانشور اور دُور اندیش لیڈر قرار دیا جنہوں نے دو بار وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے جموں وکشمیر کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے بے مثال کام انجام دیا۔ انہوں نے مختلف چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے دوران مفتی محمد سعیدکی صلاحیتوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ مفتی صاحب کو وہ اُن دنوں سے ہی جانتے تھے جب وہ ملک کے وزیر داخلہ کے عہدے پر فائز تھے۔گورنر نے زائد از6 دہائیوں کے عرصے پر محیط مفتی صاحب کے سیاسی کیئریر کے مختلف پہلوو¿ں کو اُجاگر کیا۔ادھرنائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مفتی محمد سعید نے ریاست کے تئیں اپنی تمام تر کوششیں انجام دیں تا کہ جموں وکشمیر میں امن وامان، خوشحالی اور ترقی کا دور دورہ ہو۔ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ ریاست کے لوگوں کو مفتی محمد سعید کا مشن آگے بڑھا کر اُن کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنا ہوگا۔