جموں//گورنراین این ووہرا،اسپیکر کویندر گپتا اورنیشنل کانفرنس کے صدر و ممبرپارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے لوہڑی کے موقع پر ہندو برادری کو مبارکباد پیش کی ہے۔ راج بھون جموں میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں گورنر این این ووہرااور اُن کی اہلیہ اوشا ووہرا کے علاوہ افسروں، عملے اور ان کے کنبوں نے شرکت کی۔گورنر اور ان کی اہلیہ نے انہیں مبارک باد دی اور وہاں موجود لوگوں میں مٹھائیاں تقسیم کیں۔ انہوں نے بچوں، کنبوں اور گورنر سیکریٹریٹ کے عملے کے ساتھ بات چیت کی اور اُن کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔گورنر نے اس دوران ریاست میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے دُعا کی۔قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے ڈسٹرکٹ جیل امپھلہ میں قیدیوں کے ساتھ لوہڑی منائی۔ انہوں نے ڈی جی پی جیلخانہ جات ایس کے مشرا کی موجودگی میں قیدیوں کی تیار کی گئی مصنوعات کی فروخت کے سلسلے میں ایک پرچون دکان’ سدھار بِکری کیندر‘ کا بھی افتتاح کیا۔اس مرکزمیں قیدیوں کی جانب سے تیار کی گئی مختلف قسم کی مصنوعات فروخت کے لئے رکھی گئی تھیں۔سپیکر کواس موقعہ پر بتایا گیا کہ یہ مصنوعات قیدیوں نے ضروری تربیت کے بعد تیار کی ہیں اور انہیں بازار کے مقابلے میں کم قیمت پر فروخت کے لئے رکھا گیا ہے۔اس موقعہ پر سپیکر نے جیل حکام کی ان کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے قیدیوں کی طرف سے کئے گئے کام کی بھی ستائش کی ۔ڈی آئی جی جیل خانہ جات ڈاکٹر ایم ایس لون، سینئرسپرانٹنڈنٹ جاوید مسعود فاضلی،سینئرسپرانٹنڈنٹ دنیش شرما ،سپرانٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل ادہمپور رجنی سہگل اور محکمہ کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگزار صدر نے لوری کے تہوار پر ہندو برادری کو مبارک باد پیش کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تہوار ہمیں انسانیت اور بھائی چارہ کا درس دیتے آئے ہیں ۔پارٹی کے صوبائی صدر(جموں)اور ممبراسمبلی دیویندر سنگھ رانا ، سابق وزراء ایس ایس سلاتیہ ، اجے سدھوترا ، اقلیتی سیل کے جگدیش آزاداور نائب صدر جموں صوبہ ایڈوکیٹ رتن لال گپتا نے بھی جموں کے عوام کو اس تہوار پر مبارکباد پیش کی ہے۔