منڈی//منڈی کے سرحدی علاقہ ساوجیاں گنتڑ میں بابا سید صدیق شاہ کا سالانہ دو روزہ عرس منعقد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں ضلع اور بیرون ضلع سے آئے ہوئے عقیدت مندوں نے شرکت کرکے اپنی عقیدتوں کے پھول نچھاور کئے۔یہ دو روزہ عرس 7اور8جولائی کو ہر سال یہاں پر منعقد کیا جاتا ہے۔عرس کے پہلے روز ختمات اور مناجات کا سلسلہ جاری رہا جس میں مقامی مدارس کے طلباء و طالبات نے قرآن خوانی کی اور دعائیہ مجلس بھی منعقد کی گئی۔عرس کے دوسرے روز زیارت کے صحن میں سیرت اولیا کے موضوع سے ایک مجلس کا اہتمام کیاگیاجس میں علماء کرام نے اولیا اللہ کی زندگی پر روشنی ڈالی۔مجلس سے وادی کشمیر سے آئے ہوئے عالم دین مولانا فردوس احمد اور مولانا عبدالرشید نے سیرت اولیا کے حوالے سے تقاریر کیں۔ اس موقعہ پر ریاست میں امن و امان کی خاطر خصوصی دعا مانگی گئی اور علماء نے فضائل اہلبیت سے سامعین کے قلوب کو منور کیا۔ آخر پر عقیدت مندوں میں لنگر تقسیم کیا گیا۔زیارت کمیٹی کے عہدیداران چیئر مین پیر ارشاد شاہ ،چیرمین کمیٹی پیر تاج دین، صدر کمیٹی پیر نصر دین،طارق شاہ،ماسٹر محمد شفیع اور پیر بشیر شاہ نے تمام شرکا اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔