سرینگر//چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے سرینگر میں جے این این یو آر ایم کے پروجیکٹوں سے متعلق اربن انفراسٹریکچر اور گورننس کی ریاستی سطح کی اعلیٰ اختیاراتی میٹنگ کی صدارت کی ۔ مختلف محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں ، صوبائی کمشنر کشمیر ، ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر اور کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔ اس کے علاوہ صوبائی کمشنر جموں ، ڈپٹی کمشنر جموں اور ڈپٹی کمشنر لہیہ نے میٹنگ میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی ۔ کمیٹی نے گریٹر سرینگر اور گریٹر جموں کیلئے جامع سیوریج سکیم کا جائیزہ لیا ۔ علاوہ ازیں لہیہ کے سیوریج پروجیکٹوں کا بھی جائیزہ لیا گیا ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ شہر سرینگر کیلئے سیوریج پروجیکٹ 132.92 کروڑ روپے کی لاگت سے منظور کیا گیا ہے اور مارچ مہینے تک اس پر 94.55 کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں ۔ اسی طرح کا ایک پروجیکٹ جموں شہر کیلئے 129.23 کروڑ روپے کی لاگت سے منظور کیا گیا ہے اور مارچ 2017 تک اس پر 62.61 کروڑ روپے صرف کئے جا چکے ہیں ۔ چیف سیکرٹری نے عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ پروجیکٹ کے ہر ایک مد کو مکمل کرنے کیلئے وقت کا تعین کریں تا کہ ان پروجیکٹوں کو مقرر کردہ معیاد کے اندر مکمل کیا جا سکے ۔ چیف سیکرٹری نے دونوں ڈویژنل کمشنروں کو ہدایات دیں کہ وہ ان پروجیکٹوں کا پندرھواڑے بنیادوں پر جائیزہ لیا کریں تا کہ انہیں وقت پر مکمل کیا جا سکے ۔