جموں//جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر نذیر احمد گریزی نے گریز کے بغیر سڑک رابطوں کے علاقوں میں سڑکیں تعمیر کرنے کے لئے سروے کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ ایک میٹنگ کے دوران تعمیرات عامہ ، صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے نائب سپیکر نے کہا کہ اس پہاڑی تحصیل میں کئی ایسے علاقے ہیں جو ابھی بھی سڑک رابطوں سے محروم ہیں اور ہاں کے لوگ ترقیاتی عمل میں پیچھے رہ جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی طرف سے کئے گئے وعدوں کے مطابق ان علاقوں کو بھی سڑکوں سے جوڑا جانا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ کھنڈیال ،اتھوٹو اور دیگر علاقوں میں سڑکیں تعمیر کرنے کے لئے سروے کیا جانا چاہئے۔اس دوران انہیں بتایاگیا کہ سٹیٹ سیکٹر کے تحصیل گریز کے مختلف علاقو ں میں 8سڑکوں اور 8پلوں کی تعمیر پر 6.29کروڑ روپے صرف کئے جاچکے ہیں۔علاوہ ازیں گریز قصبے میں 8کاموں پر 52لاکھ روپے خرچ گئے ہیں۔دریں اثنا نذیر گریز ی نے علاقے میں واٹر سپلائی سکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ گریز کے لئے الگ سے ایک پی ایچ ای ڈویژن وجود میں لانے کی ضرورت ہے تاکہ علاقے کے لوگوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کرایا جاسکے۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری آر اینڈ بی راجیو ورما ، سیکرٹری پی ایچ ای ایم راجو ، چیف انجینئر پی ایچ ای کشمیر ، چیف انجینئر اری گیش کشمیر کے علاوہ مختلف محکموں کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔