سرنکوٹ //قصبہ سرنکوٹ سے 15 کلو میٹر دور سیالاں میں گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول کی عمارت چار لاکھ روپے خرچ کرنے کے باوجود چھت کے بغیر ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق سکول میں زیر تعلیم طلباء کو محکمہ کی لاپرواہی کے نتیجہ میں کھلے آسمان تلے بیٹھناپڑتاہے ۔مقامی لوگوں عبدالحمید اور محمد عرفان نے بتایا کہ مڈل اسکول کی حالت اس قدر خراب ہے کہ ساٹھ کے قریب طلباء کے بیٹھنے کیلئے صرف دو ہی کمرے ہیں اور یہاں ضرورت کے مطابق تدریسی عملہ بھی تعینات نہیں کیاگیا ۔انہوںنے بتایا کہ سکول میں چار ٹیچرتعینات ہیں لیکن پچھلے چھ ماہ سے صرف دو ہی ٹیچر اسکول میں حاضر ہورہے ہیں۔ مقامی لوگوں نے ٹھیکیدار پر الزام لگایا کہ اس اسکول کی نامکمل عمارت پر چار لاکھ روپے خرچ نہیں کئے گئے ہیں ،اگر پیسے لگائے ہوتے تو یہ عمارت آج گر نے کا قابل نہ ہوتی ۔انہوںنے کہاکہ اس کی جانچ ہونی چاہیے۔لوگوں نے کہاکہ بیت الخلاء کے لئے ڈیڑھ لاکھ روپے واگزار کئے گئے تھے لیکن بیت الخلاء کی حالت یہ ہے کہ اس میں نہ ہی پانی کا کوئی بندوبست ہے اور نہ ہی اس کاتعمیری کام مکمل ہواہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ اس تعمیری کام کی جانچ کروائی جائے اور بچوں کے مستقبل کو بچایا جائے۔