مینڈھر//مینڈھر قصبہ میںتیز رفتار آلٹو کار نے سڑک کنارے سے چل رہے بچے کو ٹکر مارکر شدید زخمی کردیا۔زخمی بچے کو فوری طور پر سب ضلع ہسپتال مینڈھر منتقل کیا گیاجہاں سے اسے جموں روانہ کیاگیاہے جبکہ پولیس نے ڈرائیور کو گاڑی سمیت پکڑ کر تحقیقات شروع کردی ہے۔آٹھ سالہ بچہ اپنی ماں کے ساتھ سڑک کے کنارے مینڈھر قصبہ میں چل رہا تھا جس کو ایک تیز رفتار آلٹو کار زیر نمبرJK02AP-3606نے ٹکر ماردی جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوا۔اس بچے کی شناخت عاطف چوہدری ولد عبد الرحیم سکنہ اوچھاد کے طور پر ہوئی ہے ۔اسے فوری طور پر وہاں موجود لوگوں نے سب ضلع ہسپتال مینڈھر پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کردیا۔اس سلسلے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کے ڈرائیور دیپک شرما ولد پرکاش چند سکنہ بخشی نگر جموں کو حراست میں لیاہے اوراس کے خلاف مینڈھر تھانہ میں ایک کیس بھی درج کیاگیاہے ۔قصبہ کے لوگوں نے تیز رفتار گاڑی چلانے والوںکے خلاف سخت کارروائی کرنے کی مانگ کرتے ہوئے کہاکہ انہی کی لاپرواہی کی وجہ سے کئی حادثات رونماہورہے ہیں ۔