گاندربل میں المناک واقعہ

گاندربل // ززنہ گاندربل گائوں میں فروٹ منڈی کے قریب اچانک ایک تیندوا نمودار ہوا جو 3سالہ بچی پر جھپٹ پڑا اور اسے چیر پھاڑ کر کے بھاگ گیا۔بچی کی لاش بعد میں میوہ باغ سے بر آمد کی گئی۔تین سالہ کمسن بچی مہیا شبیر دختر شبیر احمد بٹ اپنی نانی کے ہمراہ جارہی تھی جس کے دوران قریبی میوہ باغ سے تیندوا نمودار ہوا جو بچی کو جبڑے میں دباکر میوہ باغ کی جانب بھاگ نکلا۔اس موقع پر کمسن بچی کی نانی نے شور مچا کر اس پاس موجود مقامی لوگوں کو جمع کیا جنہوں نے پولیس اور محکمہ جنگلی حیات کو اطلاع دی۔پولیس ،مقامی آبادی اور محکمہ جنگلی حیات نے روشنی وغیرہ کا انتظام کرکے کمسن بچی کی تلاش شروع کردی لیکن رات قریب ساڑھے 9بجے کے قریب بچی کی لاش میوہ باغ سے بر آمد کی گئی۔تاہم تیندوا کہیں نظر نہیں آیا۔یاد رہے کہ بڈگام کے امپورہ نیو کالونی میں پچھلے ماہ اسی طرح کے ایک واقعہ میں 6سالہ بچی کو تیندوا اٹھا کر لے گیا اور بعد میں اسکی لاش بر آمد کی گئی۔