یو این آئی
گالے (سری لنکا)/بارش کی مداخلت کے بعد سری لنکا ئی گیندباز تھرنڈو رتنائکے ، اسیتا فرنینڈو، اور میلن رتنائکے نے بنگلہ دیش کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے نئے سیشن کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن بدھ کو چھ وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کی میچ میں واپسی کرائی۔ دن کا کھیل ختم ہونے تک بنگلہ دیش نے نو وکٹوں پر 484 رنز بنا لیے تھے ، اور حسن محمود اور ناہد رانا نے ابھی اپنا کھاتہ نہیں کھولا تھا اور کریز پر موجود رہے ۔بنگلہ دیش نے کل کے تین وکٹوں پر 292 رنز کے اسکور سے آگے کھیل شروع کیا۔ ابھی بنگلہ دیش نے کل کے اسکور میں 17 رنز جوڑے تھے کہ اسیتا فرنینڈو نے نجم الحسن شانتو کو میتھیوز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر پویلین بھیج دیا۔ نجم الحسن شانتو نے اپنی 148 رنز کی اننگز میں 279 گیندوں کا سامنا کیا۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 15 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آئے وکٹ کیپر لٹن کمار داس نے مشفیق الرحیم کے ساتھ اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان چوتھے وکٹ کے لیے 149 رنز کی شراکت داری ہوئی۔ 131ویں اوور کے وقت بارش کی وجہ سے کھیل روک دیا گیا، اس وقت بنگلہ دیش نے چار وکٹوں پر 423 رنز بنا لیے تھے ، اور میدان گیلا ہونے کی وجہ سے میچ دوبارہ دیر سے شروع ہوا۔ فرنینڈو نے مشفیق الرحیم کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا اور سری لنکا کو پانچویں کامیابی 458 کے اسکور پر دلوائی۔ مشفیق الرحیم نے 163 رنز کی اننگز میں 350 گیندوں کا سامنا کیا۔ انہوں نے اپنی اننگز میں نو چوکے لگائے ۔ اسی اسکور پر رتنائکے نے لٹن کمار داس (90) کو مینڈس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر پویلین بھیج دیا۔اس کے بعد میلن رتنائکے نے ذاکر علی (آٹھ) کو بولڈ کر دیا۔ ٹی اسلام (چھ) بھی میلن رتنائکے کا شکار بنے ۔ نعیم حسن (11) کو بھی میلن رتنائکے نے آؤٹ کیا۔ دن کا کھیل ختم ہونے تک بنگلہ دیش نے 151 اوورز میں نو وکٹوں پر 484 رنز بنا لیے ۔ حسن محمود اور ناہد رانا بغیر کھاتہ کھولے کریز پر موجود ہیں۔سری لنکا کی جانب سے تھرنڈو رتنائکے ، اسیتا فرنینڈو، اور میلن رتنائکے نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔