سرینگر+پلوامہ // ضلع سرینگرکے مضافاتی انڈسٹرئل ایریا کھنموہ میں ایک خونین معرکہ آرائی کے دوران اونتی پورہ اور کاکہ پورہ پلوامہ کے2مقامی جنگجوجاں بحق ہوگئے جن کاتعلق البدر سے وابستہ بتایاجاتاہے۔ گولیوں کے تبادلے میں ایک مکان کو جزوی نقصان پہنچا۔ مسلح جھڑپ کے ساتھ ہی ضلع پلوامہ میں موبائیل انٹر نیٹ خدمات معطل کر دی گئیں۔
مسلح تصادم کیسے ہوا؟
مقامی لوگوں نے بتایا کہ انہوں نے پیر کی صبح ہالی ہارٹ پرائیویٹ سکول کے نزدیک لون محلہ کی بستی کو محاصرے میں پایا اور صبح 6بجے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد دن کے 12بجے تک وقفہ وقفہ سے فائرنگ ہوتی رہی۔اور 12.30منٹ پر آپریشن اس وقت ختم کیا گیا جب 2جنگجو جاں بحق ہوئے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت جب فائرنگ تھم گئی تو تین مقامی نوجوانوں کو عبدالرشید لون کے مکان کے اندر بھیجا گیا جہاں جنگجوئوں نے پناہ لی تھی۔جنگجوئوں کو ہتھیار ڈالنے کیلئے کہا گیا لیکن انہوں نے انکار کردیا۔لوگوں نے بتایا کہ جھڑپ کے دوران فورسز نے صرف 3گولے مکان کی طرف داغے جس کی وجہ سے مکان کو شدید نقصان نہیں ہوا بلکہ اسے جزوی نقصان پہنچا، جبکہ دیگر سبھی مکان محفوظ رہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران نوجوانوں نے نزدیکی بستی میں نعرے بازی کی لیکن وہ فوراً ہی منتشر ہوئے۔
پولیس بیان
پولیس نے بتایاکہ کھنموہ میں 2 جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر اتوار کی شب ہی50آرآر اورسی آرپی ایف کیساتھ مشترکہ طورپر لون محلہ کاگھیرائو کیاگیا ،اوریہاں تلاشی کارروائی شروع کی گئی ۔پولیس نے بتایاکہ سیکورٹی اہلکار اُس مکان کے نزدیک پہنچ گئے ،جہاں کچھ جنگجو چھپے ہوئے تھے ۔ رہائشی مکان میں موجود جنگجوئوں نے فرارہونے کی کوشش کے تحت سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی ،تاہم اُن کی یہ کوشش ناکام بنائی گئی ۔پولیس نے بتایاکہ جب تلاشی کارروائی شروع کی گئی تو مکان میں موجودجنگجوئوں نے فائرنگ شروع کردی ،جس کاسیکورٹی اہلکاروں نے جواب دیا۔ لیکن آپریشن شروع کرنے سے قبل جنگجوئوں کو خود سپردگی کا موقعہ دیا گیا اور انہیں بار بار اسکی پیشکش کی گئی لیکن انہوں نے ہتھیار ڈالنے سے انکار کیا۔حتمی آپریشن کے دوران پہلے ایک جنگجو جاں بحق ہوا اور تھوڑی دیر بعد دوسرا بھی مارا گیا۔پولیس نے جاں بحق جنگجوئوں کی شناخت وسیم بشیر پنڈت ولد بشیر احمد پنڈت ساکن کاکہ پورہ پلوامہ(4مارچ 2021) اورمدثر احمد کھانڈے ولد فاروق احمد کھانڈے ساکن بارگام اونتی پورہ پلوامہ( 21اپریل 2021) کے طور پر کی ہے۔پولیس نے بتایا کہ دونوں جنگجوئوں کے قریبہ رشتہ داروں کو انکی آخری رسوم میں شرکت کی اجازت دی جائیگی۔آئی جی پی کشمیر وجے کمار نے پانتہ چھوک میں نامہ نگاروں کیساتھ بات کرتے ہوئے کہاکہ کھنموہ علاقہ میں ایک مکان کے اندرموجود جنگجوئوں کوسرنڈر کرنے کی پیشکش کی گئی لیکن انہوں نے فائرنگ شروع کردی ،جسکے بعدجوابی کارروائی میں 2جنگجومارے گئے ۔انہوں نے بتایاکہ تحقیقات کے بعدیہ بات سامنے آئی کہ کھنموہ میں مارے گئے دونوں جنگجومقامی ہیں اوراُنکاتعلق البدرنامی جنگجو تنظیم سے تھا۔آئی جی پی کشمیر نے نامہ نگاروں کوبتایاکہ ہم چاہتے تھے کہ دونوںمقامی جنگجو خودسپردگی کریں ،اوراسی بناء پراُن کو سرنڈ رکی پیشکش بھی کی گئی لیکن انہوں نے ایسا کرنے کے بجائے فائرنگ کی ،اورجوابی کارروائی میں دونوں مارے گئے ۔