کوٹرنکہ میں موسلا دھار بارشیں

کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ میں گزشتہ دو روز سے ہونے والی شدید بارشوں کی وجہ سے کنگوٹہ تا گنڈی پل منہدم ہو گیا جس کی وجہ سے کئی متعلقہ دیہات کی آبادی پوری طرح سے متاثر ہو گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ رابطہ پل کی مدد سے ایک وسیع علاقہ کی عوام کو آمدو رفت کی سہولیا ت میسر تھی تاہم مبینہ طورپر غیر معیاری ساز و سامان استعمال ہونے کی وجہ سے پل منہدم ہو گیا جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کا راستہ ہی بند ہو گیا ہے ۔سماجی کارکن فاروق انقلابی نے کہا کہ پل کا ایک حصہ ہی منہدم ہو گیا ہے جس کی وجہ سے ایک بڑی علاقہ کی عوام کا راستہ ہی بند ہو گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ پل سے ہی عوام بدھل قصبہ او ر راجوری ضلع ہیڈ کوارٹر کا رخ کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اس سے قبل کئی مرتبہ مقامی لوگوں کی جانب سے پل کی مرمت کی مانگ کی گئی تاہم مقامی انتظامیہ کی جانب سے کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔پی ڈی پی لیڈر نے کہاکہ پل کا ایک حصہ منہدم ہونے کی وجہ سے دس ہزار تک کی آبادی متاثر ہوگئی ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پل کی جلدازجلد مرمت کی جائے تاکہ عام لوگوں کو سہولیات میسر ہو سکے ۔