حیدرآباد// کووڈ19سے گذشتہ ایک برس کے دوران غیر معمولی اموات ہوئی ہیں۔اپنے رشتہ داروں سے محرومی کے درد میں مبتلا افراد کو ان کی آخری رسومات انجام دینے میں ہورہی دشواریوں کو دیکھتے ہوئے حیدرآباد کی تنظیم یوتھ فار ویلفیئر کی جانب سے کووڈ سے مرنے والوں کی آخری رسومات یاتدفین کا کام انجام دیا جارہا ہے۔اس تنظیم نے اب تک تقریبا1800افراد کی آخری رسومات یا تدفین کا کام کیا ہے۔اس تنظیم کے بانی صدر سید جلال الدین ظفر نے کہا کہ کوویڈ کے دوران روایتی آخری رسومات یا پھر تدفین کا کام ممکن نہیں ہے اسی لئے یہ قدم اٹھایاگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال اپریل سے اس کا آغاز کیاگیا ہے اور مہلوکین کے خاندان کی روایات کے مطابق یہ کام کیاجارہا ہے۔اس تنظیم کے والنٹرس ذیشان نے یہ بات بتائی۔انہوں نے کہاکہ جب کبھی اس سلسلہ میں تنظیم سے کوئی خواہش کی جاتی ہے تو وہ اس مقام پر جاتے ہیں اور میت کو ایمبولنس میں ڈال کر آخری رسومات یا پھر تدفین کے لئے لے جاتے ہیں۔اس دوران تمام طرح کے احتیاطی اقدامات کئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی پی ای کٹس پہن کر سلامتی کے تمام پروٹوکول پر عمل کیاجاتا ہے۔اگر مرنے والے کے خاندان کا کوئی بھی رکن اس میں حصہ لیناچاہتا ہے تو اس کو پی پی ای کٹس فراہم کئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس تنظیم کو مختلف افراد کی جانب سے پی پی ای کٹس اور سینی ٹائزرس فراہم کئے گئے ہیں جس سے اس کام میں ان کو آسانی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی مذہب،ذات سے بالاتر ہوکر یہ کام کیا جاتا ہے۔اس ٹیم میں مختلف مذاہب کے افراد والنٹرس ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایاجاتا ہے کہ مرنے والے کے خاندان کے مذہبی رسوم ورواج کا بھی لحاظ کیاجائے۔
کووڈ سے مرنے والوں کی آخری رسومات ،حیدرآباد کی ایک تنظیم سرگرم
