سرینگر/جنوبی ضلع کولگام کے ریڈونی گائوں میں منگل کو جنگجوئوں اور فورسز کے مابین خونین معرکہ آرائی کے نتیجے میں دو جنگجو جاں بحق ہوگئے ۔ اس جھڑپ میں ایک فوجی اہلکار ہلاک اور دو سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہوگئے۔
پویس ذرائع نے کہا کہ دو جنگجوئوں کو جاں بحق کیا گیا ہے تاہم اُن کی لاشیں ابھی تک بر آمد نہیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ابھی جاری ہے۔
پولیس ذرائع نے کہا کہ ایک فوجی اہلکار، جس کی شناخت پرکاش یادو کے طور ہوئی ہے، اس جھڑپ میں زخمی ہوگیا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔
انہوں نے کہا کہ امت کمار اور اویناش نامی سی آر پی ایف اہلکاروں کو بھی اس جھڑپ میں گولیاں لگی ہیں اور اُن کا علاج جاری ہے۔
مقامی ذرائع نے کہا کہ ریڈونی جھڑپ کے دوران اُنہوں نے شدید فائرنگ کے علاوہ علاقے کو ہلادینے والے دھماکے بھی سنے جس سے عام لوگ سہم کر رہ گئے۔فائرنگ اور دھماکوں کا سلسلہ آدھی رات سے جاری تھا۔
اس سے قبل فورسز نے دوران شب ریڈونی کا محاصرہ کیا جہاں جنگجو موجود تھے۔ جونہی فوج، سی آر پی ایف اور ایس او جی اہلکاروں کی مشترکہ پارٹی نے تلاشی شروع کی تو چھپے جنگجوئوں نے اُن پر فائرنگ کی جس کے بعد باضابطہ معرکہ آرائی کا آغاز ہوگیا۔