کولگام اور ڈب گاندربل میں آگ | 4 رہائشی مکانات خاکستر،

کولگام+اننت ناگ// کولگام اور گاندربل میںآگ کی الگ الگ واردات میںچار رہائشی مکانات خاکستر ہوگئے۔کولگام کے بٹہ پورہ سوچھ علاقے میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب بعد دوپہر ایک رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی ۔ آگ اس وقت قدر ہولناک تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے مزید دو رہائشی مکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میںلے لیا ۔ آگ رونما ہونے کے ساتھ ہی مقامی لوگوں نے محکمہ فائر اینڈ ایمر جنسی کو مطلع کیا جس دوران ایک ٹیم جائے واردات پر پہنچ گئی جنہوں نے مقامی لوگوں کے ہمراہ آگ بجھانے کی کارروائی شروع کردی ۔ تاہم جب تک آگ پر قابو پا لیا گیا تین رہائشی مکانات خاکستر ہوچکے تھے ۔ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک اہلکار نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آگ کی اس واردات میں تین رہائشی مکان خا کستر ہو گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس واردات میں عبد الرشید لون ولد محمد شعبان لون ، امتیاز احمد بٹ ولد عبدا لسلام بٹ اور گلزار احمد ٹھوکر ولد عبد العزیز ٹھوکر کے مکانات راکھ ہوگئے ۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرلیا ہے۔گاندربل کے ملک پورہ ڈب علاقے میں بجلی شارٹ سرکٹ کے باعث ایک رہائشی مکان سے آگ نمودار وہئی جس کے نتیجے میںمکان آناً فاناً خاکستر ہوگیا۔غلام حسن گنائی ولد علی محمد کے رہائشی مکان میں دن کے تین بجے بجلی شارٹ سرکٹ کے سبب آگ لگ گئی۔اس موقع پر مکان میں موجود رسوئی گیس سلنڈر زوردار دھماکہ سے پھٹ گیا۔محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کی بروقت کارروائی کے دوران آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔مقامی لوگوں کے مطابق غلام حسن گنائی کو گزشتہ سال چندہ جمع کرکے یہ مکان تیار کرکے دیا گیا تھا۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے متاثرہ شہری کیلئے امداد کی اپیل کی ہے۔