سرینگر//ہندوارہ پولیس نے کووڈ 19 کے پیش نظر حکومت کی طرف سے جاری کردہ رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہونے کو یقینی بنانے کے لئے ایس پی ہندوارہ سندیپ گپتا نے ہندوارہ بازاراور اس کے آس پاس کے علاقوں کا دورہ کیا اور مختلف مقامات پر تعینات ناکہ چیکنگ پارٹی کا جائزہ لیا۔ان کے ہمراہ اے ایس پی ہندوارہ مشکور احمد، ایس ڈی پی او ہندوارہ ، ایس ایچ او ہندوارہ اور تحصیلدار ہندوارہ بھی تھے۔ چیکنگ کے دوران موصوف نے کورونا کرفیو کے لئے تعینات اہلکاروں کو علاقے میں گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کی غیر ضروری نقل و حرکت کی اجازت نہ دینے کا حکم دیا۔انہوں نے ماتحت افسران پر زور دیا کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار واقع سے بچنے کے لئے اپنے اہلکاروں کو متحرک کریں۔انہوں نے عام لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس وائرس کو آسانی سے نہ لیں اور سلسلہ کو توڑنے اور وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ انہوںنے رمضان کے مقدس مہینے کے اختتام کے بعد پوری دنیا میں منائے جانے والے عیدالفطر کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔