کنگن +گاندربل//پانزن و بملونہ کنگن اور دودرہامہ گاندربل میںمردہ کوے پائے گئے جنکے نمونے فوری طور پر لئے گئے۔کنگن کے متذکرہ دیہات میں مقامی لوگوں نے کئی کوئوںکو مردہ پایا ۔ مقامی لوگوں کے مطابق انہوں نے معاملے کو انتظامیہ کنگن کی نوٹس میں لایا جس کے بعد انیمل ہسبنڈری کی ایک ٹیمپہنچ گئی جس نے مردہ کوئوں کے نمونے حاصل کرلئے ۔ چیف انیمل ہسبنڈری آفسر گاندربل ڈاکٹر شبیر احمد وانی نے بتایا کہ ان مردہ کوئوں سے نمونے حاصل کر کے انسٹچیوٹ آف انیمل ہیلتھ اینڈ بیالوجیکل پروڈکٹس زکورہ سرینگر ابتدائی تحقیق کیلئے بھیج دیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رپورٹ آنے کے بعد ہی کچھ کہا جاسکتا ہے۔انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ ان مقامات پر جانے سے گریز کریں جہاں جہاں مردہ کوئوں کو پایا گیا ہے۔ ادھر دودہرہامہ میں موجود بائز ہائر سیکنڈری سکول کے احاطے میں بھی مردہ کوئے پائے گئے۔ محکمہ انمل ہسبنڈری کے ڈاکٹر اظہر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ'لوگوں کو ایسی صورتحال میں گھبرانے کے بجائے فوری طور انتظامیہ کو مطلع کرنا چاہئے‘‘۔