جموں//اپنی پارٹی صوبائی صدر جموںمنجیت سنگھ نے اسمبلی حلقہ وجے پورے کے کنڈی خطہ میں بجلی اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے میں انتظامیہ کی نااہلی پر برہمگی کا اظہار کیا ہے۔ سابق وزیر سے وجے پور کے کنڈی علاقہ کے لوگوں کا ایک وفد ملاقی ہوا جس نے موصوف کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔اس موقع پر سردار منجیت سنگھ نے کہاکہ کنڈی خطہ پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہے اور لوگ پینے کا پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہاکہ محکمہ جل شکتی کنڈی علاقہ کے لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے کوئی پالیسی مرتب کرنے میں ناکام رہا ہے، اس وجہ سے ٹینکر وں کے ذریعے سپلائی کئے جارہے پانی کو خریدنے پر مجبور ہیں۔منجیت سنگھ نے کہاکہ کنڈی علاقے کو دہائیوں سے جل شکتی محکمہ نے نظر انداز کیا ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہ متعلقہ محکمہ کو چاہئے کہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کیاجائے اور ٹینکر کے ذریعے بھی پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ دریں اثناء انہوں نے کنڈی علاقوں میں چوبیس گھنٹے بجلی سپلائی کا بھی مطالبہ کیا ہے کیونکہ گرمائی ایام کے دوران گھنٹوں بجلی کٹوتی کے سبب لوگوں کو متاثر ہونا پڑتاہے۔انہوں نے کہاکہ بجلی کٹوتی کی وجہ سے پانی سپلائی نظام گھروں کے ساتھ ساتھ آبپاشی اور زرعی کھیتوں میں بھی متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت کو چاہئے کہ دہائیوں سے نظر انداز کنڈی خطہ کے لوگوں کی فلاح کے لئے جامع پالیسی مرتب کی جائے۔وفد کو بغور سننے کے بعد منجیت سنگھ نے یقین دلایاکہ وہ اْن کے مسائل کو متعلقہ حکام کے ساتھ اْجاگر کر کے حل کرانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ لوگ انتظامیہ سے سخت مایوس ہیں، اس لئے جموں وکشمیر میں جلد سے جلد انتخابات کرائے جانے چاہئے تاکہ لوگوں کے مسائل حل ہو سکیں۔